’مودی جی! ٹیبل اور مائک سب تیار ہے، بس آپ کے آنے کا انتظار ہے‘، کانگریس نے کرائی مباحثہ کی یاد دہانی
پی ایم مودی سے راہل گاندھی فائنانشیل سسٹم، ہند-امریکہ معاہدہ، اڈانی کیس جیسے معاملوں پر کھلی بحث کرنا چاہتے ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کو یہ آزادی دی ہے کہ مباحثہ کے لیے جگہ کا انتخاب وہ خود کریں۔

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ’اوپن ڈیبیٹ‘ یعنی عوامی پلیٹ فارم پر مباحثہ کا جو چیلنج پیش کیا تھا، اب تک اس بارے میں وزیر اعظم کی طرف سے کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ کانگریس نے اب وزیر اعظم نریندر مودی کو اس بارے میں یاد دہانی کراتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’مودی جی... ٹیبل اور مائک سب تیار ہے، بس آپ کے آنے کا انتظار ہے۔‘‘ اس پیغام کے ساتھ راہل گاندھی کی اس ویڈیو کا ایک مختصر حصہ بھی کانگریس نے پیش کیا ہے، جس میں پی ایم مودی کو کسی بھی پلیٹ فارم پر بحث کی دعوت دی گئی تھی۔
دراصل پی ایم مودی سے راہل گاندھی فائنانشیل سسٹم، ہند-امریکہ معاہدہ، اڈانی کیس، ایپسٹین جیسے معاملوں پر کھلی بحث کرنا چاہتے ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کو یہ آزادی دی ہے کہ مباحثہ کے لیے جگہ کا انتخاب وہ خود کریں۔ راہل گاندھی کا یہ چیلنج سرخیوں میں ہے، کیونکہ راہل گاندھی نے اس معاملہ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ووٹنگ (پول) بھی کرائی، جس میں تقریباً 73 فیصد نوجوانوں نے ’مباحثہ کی حمایت‘ میں ووٹ دیا۔ راہل گاندھی نے اس کی جانکاری اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر دی تھی، جس میں لکھا تھا کہ ’’مودی جی کہیں نہیں جائیں گے، بس ڈیبیٹ میں آئیں گے۔ 73 فیصد نوجوانوں نے بلایا ہے۔‘‘
بہرحال، اس معاملہ میں ایک طرف انڈیا بلاک میں شامل پارٹیوں کے لیڈران اپنے بیانات میں پی ایم مودی سے لگاتار اپیل کر رہے ہیں کہ وہ راہل گاندھی سے بحث کے لیے سامنے آئیں، لیکن دوسری طرف برسراقتدار طبقہ کے لیڈران راہل گاندھی کے چیلنج کو ’لایعنی‘ ظاہر کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ حالانکہ کانگریس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مسلسل نئی پوسٹ جاری کر پی ایم مودی کو مدعو کر رہی ہے کہ وہ اپنی مرضی والے پلیٹ فارم پر بحث کے لیے حاضر ہوں اور راہل گاندھی کا سامنا کریں۔ ایک تازہ پوسٹ میں تو راہل گاندھی نے سوال بھی کیا ہے کہ ’’مودی جی، تیار ہیں؟‘‘ ساتھ میں ایک گرافکس ہے، جس پر لکھا ہے ’’ایک دعوت نامہ، صفر جواب۔ حزب اختلاف کے قائد مباحثہ کے لیے تیار ہیں، کیا وزیر اعظم ہیں؟‘‘ اس گرافکس میں پی ایم مودی کو ایک پردے کے پیچھے چہرہ نیچے کھڑے کیے دکھایا گیا ہے۔
اس چیلنج کے لیے راہل گاندھی خود بھی اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر کئی پوسٹ جاری کر چکے ہیں۔ گزشتہ روز جاری ایک پوسٹ میں انھوں نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ 5 منٹ میں وہ ثابت کر دیں گے کہ نریندر مودی غدارِ وطن ہیں۔ دراصل پی ایم مودی اپنے بیانات میں کانگریس پر ملک سے غداری کا الزام لگاتے رہے ہیں اور ایک تازہ بیان میں بھی انھوں نے یہ الزام لگایا۔ اسی کے بعد راہل گاندھی نے پی ایم مودی کو چیلنج پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ کسی بھی پلیٹ فارم پر بحث کے لیے تیار ہوں، 5 منٹ میں انھیں غدارِ وطن ثابت کر دیں گے۔ اس پوسٹ میں راہل گاندھی پی ایم مودی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’’چلیے، اڈانی جی کے این ڈی ٹی وی پر ہی بحث کر لیتے ہیں مودی جی۔ پلیٹ فارم آپ کا، جج بھی آپ کا... اڈانی جی ہوں یا موہن بھاگوت جی۔ میں گارنٹی دیتا ہوں، صرف 5 منٹ میں ثابت کر دوں گا کہ نریندر مودی غدارِ وطن ہیں۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
