مودی جی کے ذہن و دماغ پر اقتدار کا نشہ چھایا ہے: ممتا بنرجی

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پی ایم مودی اور بی جے پی پر ملک کے تمام آئینی اداروں کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ملک کے آئین کے تحفظ تک ہمارا ستیہ گرہ جاری رہے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی جو سی بی آئی کے ذریعہ کولکاتا پولس کمشنر کو گرفتار کیے جانے کے خلاف کل رات 9 بجے سے دھرنے پر بیٹھی ہوئی ہیں نے آج کہا ہے کہ ملک کے دستور کے تحفظ تک یہ ستیہ گرہ جاری رہے گا۔ دھرنے کے مقام سے محض چند سو میٹر کے فاصلہ پر واقع نیتاجی انڈرو اسٹڈیم میں منعقد کسان سبھا سے فیس بک لائیو کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی اور بی جے پی ملک کے تمام آئینی اداروں کو تباہ کر کے ہی دم لیں گے۔ ان کے ذہن و دماغ اقتدار کا نشہ چھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آج آپ تمام کسان بھائیوں سے ملاقات کرنے والی تھی مگر ملک میں ایمرجنسی جیسی صورت حال پیدا ہونے کی وجہ سے میں انڈور اسٹڈیم نہیں آسکی ہوں۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ ملک میں سیاسی دشمنی نبھائی جا رہی ہیں، یہاں تک کہ سیول سروس افسران بھی محفوظ نہیں ہیں اور یہ سب ملک میں گزشتہ 5 سالوں سے جاری ہے۔ عوام بولنے سے ڈرتے ہیں، لوگوں کے جمہوری حقوق خطرے میں ہیں۔ مودی حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرکز عوام کے جمہوری حقوق کو چھینے کے فراق میں ہے۔ وزیرا علیٰ نے کہا کہ مودی حکومت کسانوں کو نیند کی گولی دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ وزیرا علیٰ نے مودی کی پالیسیوں کی وجہ سے کسان خودکشی کر رہے ہیں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بنگال کے کسانوں کے لئے ان کی حکومت کافی ہے۔ مرکز کے امداد کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوٹ بندی کی وجہ سے کسان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے 12,000 کسانوں نے خودکشی کی ہے۔

وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ممتا بنرجی نے یہ بھی کہا کہ مودی بابو مرکزی اسکیموں کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں مگر صورت حال یہ ہے کہ یہ تمام اسکیمیں صرف اخبارات اور فوٹو تک ہی محدود ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ بنگال حکومت کسانوں کے ساتھ ہے اور رہے گی اور کسانوں کے لئے سب کچھ کرنے کو تیار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔