مودی حکومت نے پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے کیا انکار، خام تیل کی قیمت میں عدم استحکام کا دعویٰ

مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے پٹرول و ڈیزل کی قیمت میں تخفیف سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جنوب ایشیائی ممالک میں پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 40 سے 80 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

ہردیپ سنگھ پوری، تصویر یو این آئی
ہردیپ سنگھ پوری، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت میں جاری گراوٹ کے باوجود ہندوستان میں پٹرول و ڈیزل کی قیمتیں کم نہیں ہو رہی ہیں۔ حالانکہ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، لیکن مودی حکومت نے ان قیاس آرائیوں پر فل اسٹال لگا دیا ہے۔ مرکزی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی گیس ہردیپ سنگھ پوری نے بدھ کے روز صاف لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ فی الحال پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں تخفیف کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ خام تیل کی قیمتیں ابھی بہت زیادہ غیر مستحکم ہیں۔

ہردیپ سنگھ پوری نے ایندھن کی قیمت میں تخفیف کے بارے میں میڈیا رپورٹس کی قیاس آرائیوں کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی سب سے بڑی ترجیح توانائی کی دستیابی بنائے رکھنا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ حال ہی میں جب خام تیل کی قیمتیں آسمان چھو رہی تھیں تو تیل مارکیٹنگ کمپنیوں انڈین آئل، بی پی سی ایل اور ایچ پی سی ایل کو زبردست نقصان ہوا تھا۔


مرکزی وزیر نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں تخفیف پر تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ساتھ کوئی تبادلہ خیال نہیں ہوا ہے اور وہ قیمت تعین کے معاملے میں مثبت حالات چاہتے ہیں۔ ہردیپ سنگھ نے بتایا کہ ہندوستان واحد ایسا ملک ہے جہاں حال کے مہینوں میں ایندھن کی قیمتیں کم ہوئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دور اندیش قیادت کے سبب ہم ایسا کرنے میں اہل ہیں۔

ہردیپ سنگھ پوری کا کہنا ہے کہ جنوب ایشیائی ممالک میں پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں مین تقریباً 40 سے 80 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اگر آپ مغربی انڈسٹریل ورلڈ کو دیکھیں تو وہاں قیمتیں بڑھی ہیں، لیکن ہندوستان میں قیمتیں کم ہوئی ہیں۔ ساتھ ہی مرکزی وزیر نے کہا کہ سنٹرل ایکسائز ڈیوٹی میں تخفیف دو مواقع پر کی گئی، نومبر 2021 اور مئی 2022 میں، اور اسے ہم نے 2023 میں جاری رکھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔