نوکرشاہی میں رد و بدل، وزیر اعظم دفتر میں آئے تین نئے آئی اے ایس افسر

مرکزی حکومت نے جمعہ کو نوکرشاہی میں اہم رد و بدل کیے۔ اس کے تحت آئی اے ایس اور آئی آر ایس سمیت کئی شعبوں کے کل 22 افسروں کی ذمہ داریاں بدل دی گئی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مرکز کی مودی حکومت نے جمعہ کو نوکرشاہی میں اہم رد و بدل کیے۔ اس کے تحت آئی اے ایس اور آئی آر ایس سمیت کئی شعبوں کے کل 22 افسروں کی ذمہ داریاں بدل دی گئی ہیں۔ سب سے اہم رد و بدل کے تحت پی ایم او یعنی وزیر اعظم دفتر میں تین نئے آئی اے ایس افسروں کی تعیناتی ہوئی ہے۔ اپوائنٹمنٹس کمیٹی آف دی کیبنٹ نے جمعہ کو نئی تقرریوں کو منظوری دے دی ہے۔

حکومت کی وزارت برائے اپوائنٹمنٹ اینڈ پرسونل کی جانب سے جاری حکم کے مطابق 1991 بیچ کے تمل ناڈو کیڈر کے آئی اے ایس افسر ایس گوپال کرشنن کو وزیر اعظم دفتر میں ایڈیشنل سکریٹری بنایا گیا ہے۔ وہ فی الحال وزارت برائے الیکٹرانکس اینڈ آئی ٹی میں ایڈیشنل سکریٹری عہدہ پر فائز ہیں۔


اسی طرح 2001 بیچ کے آئی اے ایس افسر سی. شری دھر کی تقرری پی ایم او میں جوائنٹ سکریٹری عہدہ پر ہوئی ہے۔ وہ ابھی لال بہادر شاستری اکادمی مسوری میں ڈپٹی ڈائریکٹر عہدہ پر کام کر رہے ہیں۔ کابینہ سکریٹریٹ میں ڈائریکٹر کے عہدہ پر کام کر رہے 2005 بیچ کے ہماچل پردیش کیڈر کے آئی اے ایس میرا موہنتی کی پی ایم او میں ڈائریکٹر عہدہ پر تقرری کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ 1987 بیچ کے یو پی کیڈر کے آئی اے ایس اور محکمہ صحت میں اسپیشل سکریٹری عہدہ پر کام کر رہے ارون سنگھل کو فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈ اتھارٹی آف انڈیا کے سی ای او عہدہ پر تقرری ملی ہے۔ علاوہ ازیں 1992 بیچ کے آئی اے ایس راجندر کمار کو منسٹری آف الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ایڈیشنل سکریٹری عہدہ پر تقرری دی گئی ہے۔


اسی طرح اس رد و بدل کے دوران 1996 بیچ کے آئی اے ایس سریندر پرساد یادو کو ڈیفنس پروڈکشن یونٹ میں جوائنٹ سکریٹری کا عہدہ ملا ہے۔ کئی دیگر ائی اے ایس، آئی آر ایس، آئی سی اے ایس، آئی آر ٹی ایس، آئی ای ایس شعبہ کے افسروں کو بھی نئی ذمہ داریوں سے نوازا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔