مودی حکومت کی ٹی وی چینلوں کے لئے نئی ہدایات، 30 منٹ تک ’قومی مفاد‘ اور ’مفاد عامہ‘ کا مواد دکھانا ضروری

نئی ہدایات کے مطابق اب ہر روز کم از کم 30 منٹ کا وقت عوامی خدمات اور قومی مفاد سے متعلق پروگرام نشر کرنے کے لیے دینا لازمی ہوگا۔ اس طرح کا مواد تیار کرنے کے لیے چینلوں کو 8 تھیم دی گئی ہیں

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مرکز کی بی جے پی حکومت نے ٹی وی چینلوں کی نشریات کے لیے نئی رہنما ہدایات جاری کی ہیں۔ جاری کردہ نئی گائیڈ لائن کے مطابق اب ٹی وی چینلز پر 30 منٹ تک قومی مفاد اور عوامی دلچسپی کا مواد دکھانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مرکزی کابینہ نے ٹیلی ویژن چینلز کو اپ لنک اور ڈاؤن لنک کرنے کے رہنما خطوط 2022 کو منظوری دے دی ہے۔ اسی مناسبت سے یہ ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے۔

نئی ہدایات کے مطابق اب عوامی خدمت اور قومی مفاد سے متعلق پروگرام نشر کرنے کے لیے روزانہ کم از کم 30 منٹ دینا لازمی ہوگا۔ اس طرح کا مواد بنانے کے لیے چینلز کو 8 تھیم دی گئی ہیں۔

حکومت کی طرف سے جاری کردہ ان نئے رہنما خطوط کو 9 نومبر 2022 سے نافذ کیا گیا ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق چینلز کو اس طرح کے پروگراموں کا تصور اور پروڈیوس کرنے کے لیے وقت دیا جائے گا۔


حکومت نے نئی ہدایات کے پیچھے دلیل بھی دی ہے۔ حکومت کے مطابق ایئر ویوز پبلک پراپرٹی ہیں اور انہیں معاشرے کے بہترین مفاد میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسی صورت حال میں کسی کمپنی کو ان رہنما ہدایات کے تحت ہی ہندوستان میں چینل کو اپ لنک کرنے اور اسے ڈاؤن لنک کرنے کی اجازت ہے۔

اب سوال یہ ہے کہ جینوں کو کس طرح کے پروگرام دکھانا ہوں گے۔ رہنما ہدایاات کے مطابق چینلز کو تعلیم اور خواندگی، زراعت اور دیہی ترقی، صحت اور خاندانی بہبود، سائنس اور ٹیکنالوجی جیسے موضوعات پر پروگرام دکھانا ہوں گے۔ اس کے علاوہ خواتین کی فلاح و بہبود، معاشرے کے کمزور طبقوں کی بہبود، ماحولیات اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور قومی یکجہتی کے پروگراموں کو شامل کرنا ناگزیر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔