مودی حکومت حب الوطنی کی نئی تعریف سکھا رہی ہے: سونیا گاندھی

سونیا نے کہا کہ حب الوطنی کی تعریف سکھائی جارہی ہے اور تکثیریت کو قبول نہ کرنے والوں کو قوم پرست بتایا جارہا ہے۔ ذات، مذہب اور خیال و نظریات کی بنیاد پر اپنے شہریوں سے تفریق کو صحیح ٹھہرایا جارہا ہے۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر/<a href="https://twitter.com/INCIndia">@INCIndia</a>
i
user

یو این آئی

google_preferred_badge

نئی دہلی: ترقی پسند اتحاد کی صدر سونیا گاندھی نے مودی حکومت پر ملک کے ہمہ گیر ڈھانچہ کو تباہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے گزشتہ روزکہا کہ حب الوطنی کی نئی تعریف سکھائی جا رہی ہے اور آئینی اداروں کو سازش کے تحت کچلا جارہا ہے۔

کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے سنیچر کو یہاں ’جن سروکار ایجنڈہ۔2019‘ کا اجرا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کچھ وقت سے ملک کی بنیادی روح کو ایک سوچی سمجھی سازش کرکے جس طرح کچلا جارہا ہے وہ ہم سبھی کے لئے نہایت تشویش کی بات ہے۔ جن اداروں نے ہمیں بلندیوں تک پہنچایا ان تمام کو جان بوجھ کر تقریباََ ختم کردیا گیا ہے۔ 65 برس میں بڑی محنت سے تیار کیے گئے عوامی فلاح و بہبود کے بنیادی اور ہمہ گیر ڈھانچہ کو موجودہ مودی حکومت نے پوری طرح تباہ کرنے میں کوئی کسرباقی نہیں رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حب الوطنی کی تعریف سکھائی جارہی ہے اور تکثیریت کو قبول نہ کرنے والوں کو قوم پرست بتایا جارہا ہے۔ ذات، مذہب اور خیال و نظریات کی بنیاد پر اپنے ہی شہریوں سے تفریق کو صحیح ٹھہرایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سے امید کی جا رہی ہے کہ کھانے پینے، پہناوے ، زبان اور اظہار کی آزادی کے معاملہ میں کچھ لوگوں کی من مانی ہم برداشت کریں۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ ان کی پارٹی کی حکومت بننے پر ’جن سروکاروں‘ کی مضبوطی پر توجہ دی جائے گی اور تمام انتخابی وعدے پورے کیے جائیں گے۔ وعدوں کو پورا کرنے اور ان کے نفاذ پر نظر رکھنے کا انتظام کیا جائے گا۔

سونیا گاندھی نے مودی حکومت پر عدم اتفاق کا احترام نہیں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جب ملک کے شہریوں پر اپنی آستھا پر قائم رہنے کے لئے حملے ہوتے ہیں تو حکومت خاموشی اختیار کرلیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت قانون کا راج نافذ کرنے کا اپنا بنیادی فرض بھی پورا کرنے کو تیار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ان آئینی اقدار کو پھر سے قائم کرنے کی ضرورت ہے جہاں ہر اہل وطن کو اپنی رائے رکھنے کی آزادی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برابری کا ہر اہل وطن کو حق ہے اور کسی کو یہ حق چھیننے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ ذات، مذہب اور خیال و نظریات پر شہریوں میں تفریق کو مناسب ٹھہرایا جارہا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر ملک کے پہلے وزیراعظم کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اس اہم موقع پر مجھے پنڈت جواہر لال نہرو کی کہی وہ بات یاد آتی ہے جس میں انہوں نے اس جذبہ کا اظہار کیا تھا کہ مستقبل کی تعمیر کرتے ہوئے سہولیات یا آرام کے لئے کوئی جگہ نہیں ہوتی بلکہ اپنے عزائم کو پورا کرنے کے لئے بغیرتھکے محنت کرنی ہوتی ہے۔ اس لئے میں آپ سے کہتی ہوں کہ آج جس عزم کو اپنے دل میں لیکر ہم یہاں جمع ہیں اسے سچائی میں تبدیل کرنے کے لئے ہمیں بھی جدوجہد میں پیچھے نہیں رہنا ہے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Apr 2019, 11:09 AM