نیرو مودی معاملہ میں نیا اِنکشاف، فراری ملزم کو بچا رہی مودی حکومت!

لندن میں چھپے ہیرا کاروباری نیرو مودی کو گرفتار کرنے کے لیے برطانیہ نے ہندوستان سے دستاویز مانگے ہیں لیکن ابھی تک مودی حکومت کی جانب سے اس پر کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پی این بی گھوٹالہ کے اہم ملزم اور بھگوڑا ہیرا کاروباری نیرو مودی معاملے پر ایک نیا انکشاف ہوا ہے۔ این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ نے نیرو مودی کو گرفتار کرنے کے لیے کاغذات مانگے تھے، لیکن مودی حکومت کی جانب سے کسی طرح کا جواب نہیں دیا گیا۔ برطانیہ کی جانب سے یہ بھی پیشکش کی گئی تھی کہ وہ نیرو مودی کے خلاف کارروائی میں مدد کرنے کے لیے اپنی ایک ٹیم ہندوستان بھیج سکتا ہے۔ لیکن اس پر ہندوستان کی جانب سے کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا گیا۔ حالانکہ اس کے برعکس مودی حکومت کی جانب سے لگاتار یہی کہا جاتا رہا ہے کہ نیرو کے خلاف مقدمہ چلانے اور اسے خود سپردگی کرنے کے لیے کوششوں میں ہندوستان کی جانب سے کوئی تاخیر نہیں ہوئی ہے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لندن واقع سنگین جرائم آفس (ایس ایف او) سے پتہ چلا ہے کہ فروری 2018 میں برطانیہ نے میوچوئل لیگل اسسٹنس ٹریٹی کے تحت پہلی بار ہندوستان کو الرٹ بھیجا تھا۔ ایسا نیرو مودی اور ان کی فیملی کے اراکین کے خلاف پی این بی گھوٹالہ میں پہلی بار مجرمانہ معاملہ درج ہونے کے فوراً بعد کیا گیا تھا۔ بھگوڑے نیرو مودی کو لے کر یہ رپورٹ ایسے وقت میں منظر عام پر آئی ہے جب وہ حال ہی میں لندن کی سڑکوں پر آرام سے گھومتا ہوا دکھائی دیا تھا۔

اس درمیان ہندوستان میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کاروباری نیرو مودی کے خلاف منی لانڈرنگ مخالف قانون کے تحت ایک فرد جرم داخل کیا ہے۔ میڈیا ذرائع کی خبروں کے مطابق یہ فرد جرم گزشتہ جمعہ کو داخل کیا گیا۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ کے ایک اخبار نے نیرو مودی کے لندن واقع ویسٹ انڈ علاقے میں 80 لاکھ پونڈ کے عالیشان اپارٹمنٹ میں رہنے اور نئے سرے سے ہیرا کاروبار شروع کرنے کی جانکاری دی ہے۔ اخبار کی اس رپورٹ کے دو دن بعد یہ نیا معاملہ سامنے آیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Mar 2019, 4:09 PM
/* */