مودی حکومت انسانیت کے خلاف جرائم کر رہی ہے: راہل گاندھی

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اس ٹوئٹ کے ساتھ ایک خبر کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے جس کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران ملک کی آبادی کے ایک بڑے حصہ کو اپنا پیٹ بھرنے کے لئے قرض لینے پر مجبور ہونا پڑا۔

راہل گاندھی، تصویر آئی این سی
راہل گاندھی، تصویر آئی این سی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سابق کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قیادت والی حکومت کسی کی نہیں سن رہی ہے اور وہ من مانی کرکے انسانیت کے خلاف جرم کر رہی ہے۔ راہل گاندھی نے جمعرات کو ٹوئٹ کیا ’’مودی حکومت غریبوں کے بنیادی حقوق چھین رہی ہے۔ یہ انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ ملک کے بہتر مستقبل کے لئے ہمیں ہر طبقے کے حقوق کا احترام کرنا ہوگا‘‘۔ راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ ہیومن رائٹس ڈے (یومِ انسانی حقوق) ہیش ٹیگ کا بھی استعمال کیا ہے۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اس ٹوئٹ کے ساتھ ایک خبر کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے جس کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران ملک کی آبادی کے ایک بڑے حصہ کو اپنا پیٹ بھرنے کے لئے قرض لینے پر مجبور ہونا پڑا۔ رپورٹ میں ایک سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لاک ڈأن کا سب سے زیادہ اثر مسلم اور دلت آبادی پر پڑا۔ اس رپورت میں مرکزی حکومت کے نئے زرعی قوانین پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس سے خرید کے پورے نظام پر اثر پڑے گا اور ملک کے بھوک کے حالات مزید ابتر ہوں گے۔

کانگریس مواصلات کے محکمہ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے بھی حکومت پر کسانوں کی بات نہ سننے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ تحریک چلانے والے کسانوں کو نظرانداز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ’’تاریخ میں یہ بھی درج ہوگا کہ جب اناج پیدا کرنے والے کسان 16 دنوں سے سڑکوں پر حقوق کی جنگ لڑ رہے تھے، تب آپ سنٹرل وسٹا کے نام پر اپنے لئے ایک محل کھڑا کر رہے تھے۔ جمہوریت میں اقتدارجنون پورا کرنا نہیں، عوامی خدمت اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے کا ایک ذریعہ ہوتا ہے‘‘۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔