سابق فوجیوں کے مسائل پر مودی حکومت کٹہرے میں، راہل گاندھی کے سوالات پر خاموشی اختیار کرنے کا الزام
کانگریس کا کہنا ہے کہ جب راہل گاندھی نے سابق فوجیوں کے اہم مسائل کو پارلیمنٹ میں اٹھایا تو حکومت نے ان کے سوالات کو سنجیدگی سے لینے کی جگہ ٹال مٹول والا رویہ اختیار کیا۔

کانگریس نے آج ایک بار پھر سابق فوجیوں کے مسائل کو اٹھاتے ہوئے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے حال ہی میں ’جن سنسد‘ کے دوران ان سابق فوجیوں سے ملاقات کی تھی جو ملک کی خدمت کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ اس ملاقات میں سابق فوجیوں نے ایکس سروس مین کنٹریبیوٹری ہیلتھ اسکیم (ای سی ایچ ایس) میں موجود سنگین خامیوں کی نشاندہی کی۔
کانگریس کے مطابق ملک بھر میں 72 لاکھ سے زائد سابق فوجی اور ان کے اہل خانہ اپنی طبی سہولیات کے لیے ای سی ایچ ایس پر انحصار کرتے ہیں، لیکن انہیں بنیادی سہولیات کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ جب راہل گاندھی نے ان کے مسائل پارلیمنٹ میں اٹھائے تو حکومت نے ان کے سوالات کو سنجیدگی سے لینے کی جگہ ٹال مٹول والا رویہ اختیار کیا۔
کانگریس نے الزام لگایا کہ حکومت کے پاس نہ تو بقایہ رقم کے بارے میں کوئی واضح معلومات ہیں اور نہ ہی ادائیگی میں تاخیر کی وجوہات پر کوئی ٹھوس جواب دیا گیا ہے۔ حکومت نے صرف یہ تسلیم کیا ہے کہ ادائیگی میں تاخیر ہوتی ہے، لیکن اس کی وجوہات پر خاموشی اختیار کی گئی ہے۔ پارٹی نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) نے بھی اپنی رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ ای سی ایچ ایس کو مناسب فنڈنگ فراہم نہیں کی جا رہی، تاہم حکومت نے اس اہم سوال کا جواب دینے سے بھی گریز کیا کہ ضروری فنڈز کیوں جاری نہیں کیے جا رہے۔
اس پورے معاملے میں کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر تفصیلی پوسٹ جاری کی ہے۔ اس میں کانگریس نے معذور سابق فوجیوں کے لیے ٹیکس میں چھوٹ کے معاملے کو بھی اٹھایا ہے۔ پارٹی کے مطابق حکومت نے اس ٹیکس چھوٹ سے متعلق سوال کو بھی نظر انداز کر دیا۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ مالیاتی بل میں یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ اگر کوئی فوجی ملازمت میں برقرار رہتا ہے تو اس کی معذوری پنشن پر ٹیکس عائد کیا جائے گا۔
کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ جو رویہ اختیار کیا جا رہا ہے، وہ ان فوجیوں کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے جو ملک کی خدمت جاری رکھتے ہیں۔ اپوزیشن پارٹی نے کہا کہ ملک کی بہادر افواج اور جوان اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر قوم کی حفاظت کرتے ہیں، لیکن حکومت انہیں وہ عزت اور سہولتیں دینے میں ناکام نظر آتی ہے جس کے وہ حقیقی حقدار ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔