گجرات اور ہماچل پردیش اسمبلی انتخاب سے قبل 3 ماہ کے لیے بڑھائی گئی مفت راشن اسکیم

کچھ ریاستوں میں آئندہ چند ماہ میں انتخابات ہونے والے ہیں، 2024 کے عام انتخاب کو لے کر سبھی پارٹیاں سرگرم دکھائی دے رہی ہیں، ایسے میں مودی حکومت مفت راشن اسکیم بند کر کوئی جوکھم نہیں اٹھانا چاہتی تھی۔

راشن، تصویر آئی اے این ایس
راشن، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

گجرات اور ہماچل پردیش اسمبلی انتخاب سے پہلے مرکزی حکومت نے پی ایم غریب کلیان یوجنا کو 3 ماہ کے لیے آگے بڑھا دیا ہے۔ دہلی میں ہوئی کابینہ میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ اب اس منصوبہ کا فائدہ دسمبر 2022 تک ملتا رہے گا۔ پہلے ستمبر 2022 کو یہ منصوبہ ختم ہو رہا تھا۔ اس منصوبہ کے تحت ملک کے 81 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو راشن دیا جاتا ہے۔ اب انھیں دسمبر 2022 تک مفت راشن ملتا رہے گا۔

کچھ ریاستوں میں آئندہ چند ماہ میں انتخابات ہونے والے ہیں۔ 2024 کے عام انتخاب کو لے کر سبھی پارٹیوں میں انتخابی تیاریاں جاری ہیں۔ ایسے میں مودی حکومت اس منصوبہ کو بند کر کوئی جوکھم نہیں اٹھانا چاہتی تھی۔ حالانکہ اسے تین ماہ کے لیے بڑھایا گیا ہے، لیکن سیاسی مجبوریوں کے تحت اسے تین-تین ماہ کی توسیع دے کر 2024 کے انتخاب تک کھینچا جا سکتا ہے۔ اگر یہ تین ماہ کے لیے بھی رکھی جاتی ہے تو تب تک گجرات اور ہماچل پردیش میں انتخابات ہو چکے ہوں گے۔ گجرات جیتنا اس وقت بی جے پی اور مودی حکومت کی سب سے بڑی ترجیحات میں سے ایک ہے۔


واضح رہے کہ کورونا وبا کے سبب ملک میں لگے لاک ڈاؤن میں پی ایم غریب کلیان اَن یوجنا کو 2020 مارچ میں شروع کیا گیا تھا۔ یہ منصوبہ اپریل سے جون 2020 تک کے لیے تھا۔ پھر اسے نومبر 2021 تک بڑھایا گیا۔ حکومت اسے مزید آگے بڑھاتی رہی۔ اس منصوبہ کے تحت 81 کروڑ لوگوں کو 5 کلو گیہوں یا چاول کے ساتھ ایک کلو چنا ہر مہینے دیا جاتا ہے۔

اس کے ساتھ ہی مرکزی حکومت نے مرکزی ملازمین کا مہنگائی بھتہ (ڈی اے) بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ دینک بھاسکر کی ایک رپورٹ کے مطابق کابینہ میٹنگ میں سرکار نے مرکز کے ملازمین پر مہنگائی بھتہ (ڈی اے) 4 فیصد بڑھانے کا فیصلہ لیا ہے۔ گزشتہ بار حکومت نے مارچ میں ڈی اے بڑھایا تھا، یہ یکم جنوری 2022 سے نافذ ہوا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔