مودی حکومت ہمیشہ سچ چھپانے کی کوشش کرتی ہے: کانگریس

معاشی اعداد و شمار سے جڑے ثبوت چھپانے کے ساتھ ہی مودی حکومت امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ہندوستان دورے کے دوران راستے میں پڑنے والی غریبوں کی جھونپڑی چھپانے کے لئے دیوار بنا رہی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ مودی حکومت ہمیشہ سچ چھپانے کی کوشش کرتی ہے اور اس مرتبہ معاشی اعدادوشمار سے جڑے ثبوت چھپانے کے ساتھ ہی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ہندوستان دورے کے دوران راستے میں پڑنے والی غریبوں کی جھونپڑی چھپانے کے لئے دیوار بنا رہی ہے۔ کانگریس ترجمان گورو بلبھ نےمنگل کو یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ یہ حکومت سچائی کو کبھی قبول نہیں کرتی ہے اور وہ سب کچھ چھپانا چاہتی ہے۔

حکومت برابر غلط اعدادوشمار دے کر سچائی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتی ہے لیکن سچائی زمین پر ہوتی ہے جسے پوشیدہ نہیں رکھا جاسکتا۔ ایسا لگتا ہے کہ حکومت میں بیٹھے لوگوں کےلئے آنکھ مچولی پسندیدہ کھیل بن گیا ہے۔ یہ کھیل ان دنوں سرخیوں میں ہے کیونکہ ملک میں 40 برس میں سب سے کم کھپت دیکھنے کو مل رہی ہے۔


انہوں نے کہاکہ ملک میں بے روزگاری کے اعدادوشمار چھپایا گیا، لوگوں کی آمدنی میں 9 برسوں میں سب سے کم اضافہ ہوا ہے اور یہ اعدادوشماور بھی پوشیدہ رکھا جارہا ہے۔ ملک کے شہریوں کی 40 برسوں میں پہلی مرتبہ کھپت میں کمی آئی ہے اور اگر کھپت میں کمی ہے تو اس کا براہ راست مطلب ہے کہ ملک میں غربت میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت خود کہہ رہی ہے کہ مہنگائی میں اضافہ ہوگیا ہے اور پیداوار میں کمی آرہی ہے۔ لوگ پہلے کے مقابلے میں اب کم خرید رہے ہیں۔یہ سچائی ہے جو کسی ڈاٹا سے زیادہ واضح ہے اور زمینی حقیقت بیان کررہی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ حکومت صرف معاشی ڈاٹا ہی نہیں چھپارہی ہے بلکہ وہ غریبی پربھی پردہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے اوراس کی تازہ مثال گجرات کا احمدآباد بن گیا ہے جہاں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ہندوستان دورے کے دوران ’نمستے ٹرمپ پروگرام‘ منعقد کیا جانا ہے۔ صدر ٹرمپ جس راستے سے آئیں گے اس راستے پر دیوار بنائی جارہی ہے تاکہ ملک کی غربت وہ نہیں دیکھ پائیں اور اصلیت کو دیوار کے پیچھے چھپایا جاسکے۔


دیواربنا کر چھپانے کا ماڈل گجرات کا نہیں رہا ہے اور نہ ہی ملک کے کسی کے حصے کا رہا ہے لیکن مودی حکومت سب کچھ پوشیدہ رکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے ملک کے منظم اور غیر منظم شعبہ کو برباد کردیا ہے۔ منظم شعبہ کو اشیا اورخدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) اور غیر منظم شعبہ کو نوٹ بندی کے فیصلے نے برباد کردیا ہے۔ اعدادوشمار کو پوشیدہ رکھ کر حکومت سچائی پر پردہ نہیں ڈال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اعدادوشمار چھپانے کے بجائے اس پر ایوان سے سڑک تک بحث کرنا چاہئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔