مودی نے مرزا پور، سونبھدر میں پینے کے پانی کے پروجیکٹ کی بنیاد رکھی

پی ایم مودی نے کہا کہ آج جس طرح اتر پردیش میں ایک کے بعد ایک منصوبے نافذ ہو رہے ہیں، اس سے یہاں کی حکومت کی اور یہاں کے سرکاری ملازمین کی شبیہ بدل رہی ہے۔

 نریندر مودی، تصویر پی آئی بی
نریندر مودی، تصویر پی آئی بی
user

یو این آئی

لکھنؤ: وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو ’ہر گھر پانی پروجیکٹ‘ کے تحت سون بھدر ضلع میں 14 گرام گروپ میں پینے کے پانی کے پائپ پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا اور بغیر نام لئے کانگریس پر طنز بھی کیا۔ اس دوران وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور گورنر آنندی بین پٹیل بھی ویڈیو کانفرنس سے جڑیں۔ سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزیراعظم نے لوگوں کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ سے خطاب بھی کیا اور پانی کی اہمیت بتائی۔

پی ایم مودی نے کانگریس کا نام لئے بغیر کہا کہ پہلے سبھی پروجیکٹ دہلی میں تیار ہوتے تھے اور اس پر کتنا کام ہوتا تھا یہ ملک کے لوگ اب جاننے لگے ہیں۔ اب ایسا نہیں ہے۔ ریاستوں اور گاؤں کے منصوبوں کو زمین پر اتارا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کا بڑا مسئلہ جب حل ہونے لگتا ہے تو الگ ہی یقین جھلکتنے لگتا ہے۔ یہ یقین، جوش آپ میں دیکھ پا رہا تھا۔ پانی کے تئیں آپ میں حساسیت کتنی ہے، یہ بھی دکھ رہا ہے۔ حکومت آپ کے مسئلوں کو سمجھ کر ان کو حل کر رہی ہے۔ وندھیے پہاڑ کی توسیع قدیم زمانے سے ہی یقین، پاکی، آستھا کا ایک بہت بڑا مرکز رہا ہے۔ وزیراعظم نے شاعر رحیم داس کا دوحہ بھی سنایا۔ انہوں نے کہا کہ جا پر وپدا پرت ہے، سو آوت ایہیں دیس۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ آزادی کے بعد یہ علاقے نظرانداز کیے گئے ہیں۔ یہ پورا علاقہ وسائل سے مالامال ہونے کے بعد بھی کمی کا علاقہ بن گیا۔ اتنی زیادہ ندیاں ہونے کے بعد بھی اس علاقے کی شناخت سب سے زیادہ، پیاسے، خشک سالی سے متاثر علاقے کی رہی۔ آنے والے وقت میں جب یہان کے تین ہزار گاؤں تک پائپ سے پانی پہنچے گا تو 40 لاکھ سے بھی زیادہ لوگوں کی زندگی بدل جائے گی۔ اس سے اترپردیش کے ہر گھر تک پانی پہنچانے کے عزم کو بھی طاقت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج جس طرح اتر پردیش میں ایک کے بعد ایک منصوبے نافذ ہو رہے ہیں،اس سے یہاں کی حکومت کی اور یہاں کے سرکاری ملازمین کی شبیہ بدل رہی ہے۔ ہر گھر پانی پہنچانے کی مہم کو اب ایک سال سے بھی زیادہ ہوگیا ہے۔ اس دوران ملک میں دو کروڑ 60 لاکھ سے زیادہ کنبوں کو ان کے گھروں میں نل سے صاف پینے کا پانی پہنچانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس میں لاکھوں کنبے اترپردیش کے بھی ہیں۔

جل جیون مشن کے تحت گھر گھر پائپ سے پانی پہنچانے کی وجہ سے ماؤں بہنوں کی زندگی آسان ہو رہی ہے۔ اس کا ایک بڑا فائدہ غریب کنبوں کی صحت پر بھی ہوا ہے۔ اس سے گندے پانی سے ہونے والی متعدد بیماریوں میں بھی کمی آرہی ہے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ حکومت ایک ساتھی کی طرح، ایک معاون کی طرح آپ کے ساتھ ہے۔ وزیراعظم آواس یوجنا کے تحت غریبوں کے جو پکے گھر بن رہے ہیں، ان میں بھی یہ سوچ ظاہر ہو رہی ہے۔ کس شعبہ میں کیسا گھر ہوگا، پہلے کی طرح اب یہ دہلی میں طے نہیں ہوتا۔

پی ایم مودی کہا کہ جب اپنے گاؤں کی ترقی کے لئے، خود فیصلے کرنے کی آزادی ملتی ہے، ان فیصلوں پر کام ہوتا ہے، تو اس سے گاؤں کے ہر شخص کی خوداعتمادی بڑھتی ہے۔ آتم نربھر گاؤں، آتم نربھر بھارت کی مہم کو تقویت ملتی ہے۔ جب وندھیاچل کے ہزاروں گاؤں میں پائپ سے پانی پہنچے گا، تو اس سے بھی اس شعبہ کے معصوم بچوں کی صحت بہتر ہوگی، ان کی جسمانی اور ذہنی ترقی اور بہتر ہوگی۔ ملک کے باقی گاؤں کی طرح اس شعبہ میں بھی بجلی کا بہت بڑا مسئلہ تھا۔ آج یہ علاقہ شمسی توانائی کے شعبہ میں دنیا میں معروف حیثیت لیتا جا رہا ہے۔ ہندوستان کا اہم مرکز ہے۔ مرزاپور کا شمسی توانائی پلانٹ یہاں ترقی کا نیا باب لکھ رہا ہے۔

پی ایم مودی نے کہا کہ آج سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس سے منتر ملک کے ہر حصے میں ملک کے ہر شہری کے یقین کا منتر بن گیا ہے۔ آج ملک کے ہر شخص، ہر شعبہ کو لگ رہا ہے کہ اس تک حکومت پہنچ رہی ہے اور وہ بھی ملک کی ترقی میں حصہ داری ہے۔ خود مختار ہندوستان مہم کے تحت جنگلاتی پیداوار پر مبنی صنعت قبائلی علاقوں میں لگیں، اس کے لئے بھی ضروری سہولیات تیار کی جا رہی ہیں۔ قبائلی علاقوں کی ترقی کے لئے پیسوں کی کمی نہ ہو، اس کے لئے ڈسٹرکٹ منرل فنڈ بنایا گیا ہے۔

next