مودی کابینہ نے گیس کی قیمت مقرر کرنے کے لیے نئے فارمولے کو دی منظوری، نیشنل اسپیس پالیسی 2023 بھی منظور

سی این جی اور پائپ سے فراہم کی جانے والی رسوئی گیس کی قیمتوں پر زیادہ سے زیادہ کی حد طے کی گئی ہے، گھریلو گیس کی قیمت اب بین الاقوامی ہب گیس کی جگہ امپورٹیڈ کروڈ کے ساتھ لنک کر دیا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعظم نریندر مودی، تصویر یو این آئی</p></div>

وزیر اعظم نریندر مودی، تصویر یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

مرکزی کابینہ نے 6 اپریل کو گیس کی قیمت طے کرنے سے متعلق ایک نئے فارمولے کے ساتھ ساتے نیشنل اسپیس پالیسی 2023 کو بھی منظوری دے دی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں ان کی رہائش پر جمعرات کے روز مرکزی کابینہ کی یہ میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں سی این جی اور پی این جی کی قیمتوں میں راحت دینے سے متعلق ایک اہم قدم اٹھایا گیا۔ کابینہ نے ترمیم شدہ گھریلو گیس پرائس گائیڈلائنس کو منظوری دے دی ہے جس کے بعد پی این جی کی قیمتوں میں تقریباً 10 فیصد کی کمی آئے گی اور سی این جی پر بھی 5 سے 6 روپے فی لیٹر کی کمی آئے گی۔

کابینہ میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ نے گیس کی قیمت طے کرنے کے نئے فارمولے کو منظوری دی ہے۔ سی این جی اور پائپ سے فراہم کی جانے والی رسوئی گیس کی قیمتوں پر زیادہ سے زیادہ کی حد طے کی گئی ہے۔ گھریلو گیس کی قیمت اب بین الاقوامی ہب گیس کی جگہ امپورٹیڈ کروڈ کے ساتھ لنک کر دیا گیا ہے اور گھریلو گیس کی قیمت اب ہندوستانی کروڈ باسکیٹ کی بین الاقوامی قیمت کا 10 فیصد ہوگا۔ یہ ہر مہینے طے کیا جائے گا۔ اس قدم سے عام گھریلو صارفین سے لے کر کسانوں اور گاڑی چلانے والوں کو بھی فائدہ ہوگا۔


انوراگ ٹھاکر نے بتایا کہ کابینہ نے اے پی ایم گیس کے لیے 4 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی بنیاد پر قیمت کو منظوری دی ہے اور زیادہ سے زیادہ پرائس 6.5 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو رکھنے پر مہر لگائی ہے۔ اے پی ایم گیس کی شکل میں جانی جانے والی روایتی یا پرانے سیکٹرس سے پیدا قدرتی گیس کو اب امریکہ، کناڈا اور روس جیسے ممالک کی طرح خام تیل کی قیمتوں سے جوڑا جائے گا۔ پہلے ان کی قیمت کا تعین گیس قیمتوں کی بنیاد پر ہوتا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ اس فیصلے کے بعد دہلی میں سی این جی کی قیمت میں تقریباً 6 روپے کی کمی آئے گی جبکہ پی این جی کی قیمت بھی 6 روپے کم ہو جائے گی۔ اسی طرح ممبئی میں سی این جی کی قیمتوں میں 8 روپے اور پی این جی کی قیمت میں 5 روپے کی گراوٹ ہو جائے گی۔ علاوہ ازیں بنگلورو میں سی این جی کی قیمت 6 روپے اور پی این جی کی قیمت 6.50 روپے تک کم ہوگی، جبکہ پونے میں سی این جی اور پی این جی دونوں کی قیمتوں میں 5-5 روپے کی کمی آئے گی۔


دوسری طرف مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے کابینہ کے ذریعہ نیشنل اسپیس پالیسی 2023 کو منظوری دیے جانے کی اطلاع دی۔ اس کے تحت اِسرو، نیو اسپیس انڈیا لمیٹڈ اور نجی سیکٹر کے اداروں کے کردار اور ذمہ داریاں مقرر کی گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے قبل میں خلائی سیکٹر کو نجی کمپنیوں کے لیے کھول دیا تھا تاکہ اس سیکٹر میں شراکت داری کو فروغ دیا جا سکے۔ جتیندر سنگھ کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کا مقصد خلائی شعبہ کے کردار کو بڑھانا، اِسرو مشن کی سرگرمیوں اور ریسرچ، ایجوکیشن، اسٹارٹ اَپ و انڈسٹری کی بڑی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔