دہلی: جرائم پیشہ نے سرشام بی جے پی لیڈر گویل کا موبائل چھینا، پولیس نے 4 گھنٹے میں کیا برآمد

ڈی سی پی ساگر سنگھ کلسی نے بتایا کہ جانچ کے دوران پولیس نے 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی اور بعد میں ملزم کو پکڑ لیا۔

وجے گوئل، تصویر آئی اے این ایس
وجے گوئل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

راجدھانی دہلی میں بدمعاشوں نے سیکورٹی انتظامات کی قلعی کھولتے ہوئے پیر کی شام بی جے پی کے سابق راجیہ سبھا رکن وجے گویل کا موبائل فون چھین لیا۔ واقعہ کے وقت گویل کار میں تھے تبھی باہر سے ایک بدمعاش ان کا موبائل چھین کر فرار ہو گیا۔ حالانکہ دہلی پولیس نے چار گھنٹے بعد بدمعاش کو پکڑ کر موبائل برآمد کر لیا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ ملزم کی شناخت شمالی دہلی کے دریا گنج باشندہ ساجن (22) کی شکل میں ہوئی ہے۔ ڈی سی پی ساگر سنگھ کلسی نے واقعہ کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ گویل کے ساتھ موبائل چھینے جانے کا یہ واقعہ پیر کو پیش آیا جب سابق رکن پارلیمنٹ دریا گنج کی طرف سے اوپری سبھاش مارگ سے لال قلعہ کی جانب جا رہے تھے۔


ڈی سی پی کلسی نے کہا کہ شام تقریباً 6.45 بجے ان کی آرٹیگا کار میٹرو اسٹیشن جامع مسجد گیٹ نمبر 4 کے پاس پہنچی، تبھی ایک نیلی شرٹ اور سفید ٹوپی پہنے ایک لڑکا ان کے پاس آیا اور ان کا موبائل فون ’سیمسنگ گیلکسی 9‘ ان کے ہاتھ سے چھین لیا اور فرار ہوگیا۔ پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 356، 379 کے تحت ایف آئی آر درج کی اور جانچ شروع کر دی۔

ڈی سی پی کلسی نے بتایا کہ جانچ کے دوران پولیس ٹیم نے 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی اور بعد میں اسے پکڑ لیا گیا۔ پوچھ تاچھ کرنے پر ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے ایک شخص کو 2200 روپے میں موبائل فروخت کیا تھا جس کے بعد پولیس نے موبائل فون برآمد کر لیا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ موبائل رات تقریباً ساڑھے دس بجے برآمد کیا گیا۔ پولیس نے واقعہ کے وقت اسنیچر کے ذریعہ پہنے گئے کپڑے بھی برآمد کر لیے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔