ہریانہ اور مہاراشٹر میں ’گائے کے گوشت‘ کے نام پر ہجومی تشدد، راہل گاندھی مرکزی حکومت پر حملہ آور

لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے دہلی سے ملحقہ ہریانہ کے چرخی دادری اور مہاراشٹر کے تھانے ضلع میں گائے کے گوشت کے نام پر ہجومی تشدد پر مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / آئی اے این&nbsp;ایس</p></div>

راہل گاندھی / آئی اے اینایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے دہلی سے ملحقہ ہریانہ کے چرخی دادری اور مہاراشٹر کے تھانے ضلع میں گائے کے گوشت کے نام پر ہجومی تشدد پر مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا۔ سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر مسلسل حملے ہو رہے ہیں اور سرکاری مشینری خاموش تماشائی بن کر دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا، ’’بی جے پی چاہے کتنی ہی کوشش کرے، ہم نفرت کے خلاف ہندوستان کو متحد کرنے کی یہ تاریخی جنگ ہر حال میں جیتیں گے۔‘‘

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’نفرت کو سیاسی ہتھیار بنا کر اقتدار کی سیڑھی چڑھنے والے ملک بھر میں لگاتار دہشت کا راج قام کر رہے ہیں۔ بھیڑ کی شکل میں چھپے نفرت انگیز عناصر قانون کی حکمرانی کو چیلنج کرتے ہوئے کھلے عام تشدد پھیلا رہے ہیں۔ بی جے پی حکومت سے ان شرپسندوں کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے، اسی لیے ان میں ایسا کر پانے کی ہمت پیدا ہو گئی ہے۔ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر مسلسل حملے جاری ہیں اور حکومتی مشینری خاموش تماشائی بن کر دیکھ رہی ہے۔‘‘


انہوں نے کہا کہ ’’ایسے انتشار پسند عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کر کے قانون کی حکمرانی قائم کی جانی چاہیے۔ ہندوستان کے فرقہ وارانہ اتحاد اور ہندوستانی عوام کے حقوق پر کوئی بھی حملہ آئین پر حملہ ہے، جسے ہم ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ چاہے بی جے پی کتنی ہی کوشش کرے، ہم نفرت کے خلاف ہندوستان کو متحد کرنے کی اس تاریخی جنگ میں ہر حال میں جیت حاصل کریں گے۔‘‘

خیال رہے کہ ہریانہ کے چرخی دادری میں گئو رکشک گروہ کے لوگوں نے مغربی بنگال کے دو مہاجر مزدوروں صابر ملک اور اثیرالدین کو گائے کا گوشت کھانے کے شبہ میں مارا پیٹا تھا، جس میں ایک کی موت ہو گئی تھی اور دوسرا بری طرح سے زخمی ہو گیا تھا۔ پولیس نے گئو رکشکوں کے گروپ کے 5 ارکان کو گرفتار کیا ہے۔ ساتھ ہی دو نابالغوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔


وہیں، مہاراشٹر کے تھانے میں دھولے ایکسپریس کے اندر گائے کا گوشت لے جانے کے شبہ میں ایک بزرگ اشرف علی سید کو کچھ مسافروں نے بری طرح پیٹا۔ اشرف علی ٹرین سے مالیگاؤں میں اپنی بیٹی کے گھر جا رہے تھے۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔