ماب لنچنگ واقعہ: ہری اوم کے گھر والوں کو معاشی مدد دینے جا رہے یوپی کانگریس صدر اجئے رائے کو پولیس نے حراست میں لیا

اجئے رائے کے ساتھ سیتاپور سے پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راکیش راٹھوڑ اور سینئر لیڈر نسیم الدین صدیقی کا ہفتہ کے روز ہری اوم والمیکی کے گاؤں فتح پور جا کر متاثرہ کنبہ کو مالی امداد دینے کا منصوبہ تھا۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

گزشتہ دنوں شرپسند عناصر کے ذریعہ دلت نوجوان ہری اوم والمیکی کی ماب لنچنگ کا معاملہ سرخیوں میں ہے۔ برسراقتدار طبقہ پر لگاتار سوال اٹھ رہے ہیں اور خاص طور سے کانگریس بی جے پی کو دلت مخالف قرار دیتے ہوئے حملہ آور رخ اختیار کیے ہوئے ہے۔ یکم اکتوبر کو رائے بریلی میں پیش آئے اس ماب لنچنگ واقعہ معاملہ میں کلیدی ملزم سمیت 12 لوگوں کی گرفتاری ضرور ہو گئی ہے، لیکن متاثرہ کنبہ کو ابھی تک انصاف نہیں ملا ہے۔

کانگریس متاثرہ کنبہ کے ساتھ ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہنے کا عزم کرتی آئی ہے اور آج اسی کوشش میں یوپی کانگریس کے صدر اجئے رائے فتح پور کی طرف روانہ ہوئے تھے۔ اجئے رائے کے ساتھ سیتاپور سے پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راکیش راٹھوڑ اور سینئر لیڈر نسیم الدین صدیقی کا ہفتہ کے روز ہری اوم والمیکی کے گاؤں فتح پور جا کر متاثرہ کنبہ کو مالی امداد دینے کا منصوبہ تھا، لیکن پولیس نے انھیں راستے میں ہی حراست میں لے لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اجئے رائے، راکیش راٹھوڑ اور نسیم الدین صدیقی کو گرفتار کر پولیس لائن لے جایا گیا ہے۔


اجئے رائے نے پولیس کے ذریعہ حراست میں لیے جانے کے بعد میڈیا سے کہا کہ ’’بی جے پی دلتوں سے نفرت کرتی ہے۔ ہمیں تو متاثرہ کنبہ کو معاشی مدد کرنے سے بھی روکا جا رہا ہے۔ بی جے پی کے لوگوں نے ہری اوم کا قتل کیا، کیونکہ وہ دلت تھا۔‘‘ اجئے رائے کا کہنا ہے کہ اتر پردیش کی حکومت تو دیگر اضلاع میں بھی کانگریسیوں کو فتح پور جانے سے روک رہی ہے۔ کل رائے بریلی ضلع صدر اور دیگر لیڈران فتح پور جا رہے تھے، انھیں بھی پولیس نے روک دیا تھا۔ یوپی کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ ’’ہری اوم والمیکی کا پیٹ پیٹ کر قتل کیا گیا ہے، جو قابل مذمت ہے۔ اس معاملے میں کانگریس متاثرہ کنبہ کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔