اتنا جھوٹ بولنے والا وزیر اعظم آج تک نہیں دیکھا: راج ٹھاکرے

Getty Images
Getty Images
user

قومی آوازبیورو

ایلفنسٹن ریل برج پر گزشتہ 29 ستمبر کو بھگدڑ سے ہوئی 23 لوگوں کی موت کے بعد سخت ناراض راج ٹھاکرے نے آج ممبئی کے میٹرو سنیما سے چرچ گیٹ تک احتجاجی ریلی نکالی۔ مہاراشٹر نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے بی جے پی حکومت کو اس حادثہ کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ جب تک ممبئی میں لوکل ٹرینوں کا انتظام درست نہیں ہو جاتا، اس وقت تک بلیٹ ٹرین کے لیے ایک اینٹ بھی رکھنے نہیں دیا جائے گا۔ انھوں نے بارش کے سبب ریل برج حادثہ ہونےسے متعلق حکومت کے دعوؤں کو پوری طرح خارج کر دیا اور کہا کہ ممبئی میں 29 ستمبر کو پہلی مرتبہ بارش نہیں ہوئی تھی۔

اپنی تقریر میں راج ٹھاکرے نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خصوصی طور پر نشانہ بنایا اور تلخ انداز میں کہا کہ ’’آج تک میں نے اتنا جھوٹ بولنے والا وزیر اعظم نہیں دیکھا، جو پہلے کچھ بولتا ہے اور بعد میں کچھ۔‘‘ انھوں نے کہا کہ مودی نے نوٹ بندی اور ’میک اِن انڈیا‘ جیسے تجربات کر کے ملک کو گڈھے میں ڈال دیا ہے۔ ساتھ ہی راج ٹھاکرے نے یہ بھی کہا کہ جب مودی نے بلیٹ ٹرین کے بارے میں اعلان کیا تھا اسی وقت ان کی بری نیت کا اندازہ ہو گیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ بلیٹ ٹرین کا اعلان کرتے وقت مودی نے عوام سے خطاب کے دوران سوال کیا تھا کہ ’’ممبئی والے ڈھوکلا کھانے احمد آباد جائیں گے کیا؟‘‘ مودی کے اس سوال پر راج ٹھاکرے نے آج طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہاں سے اچھا ڈھوکلا تو یہاں ملتا ہے۔‘‘

اپنے پرامن مظاہرہ کے دوران راج ٹھاکرے نے ریاستی حکومت کے خلاف آواز بلند کرتےہوئے کہا کہ انھیں مسافروں کا خیال رکھتے ہوئے لوکل ٹرینوں کی بدتر حالت کو بہتر بنانے کے لیے آگے آنا چاہیے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ اگر اس جانب توجہ نہیں دی گئی تو آئندہ بار ان کا مظاہرہ پرامن نہیں ہوگا۔ بی جے پی ممبر پارلیمنٹ کیریٹ سومیا پر حملہ آور ہوتے ہوئے راج ٹھاکرے نے کہا کہ ’’یو پی اے حکومت میں وہ شخص پلیٹ فارم کی اونچائیاں ناپتا تھا لیکن بی جے پی حکومت میں ایسے حادثات ہونے پر وہ کہاں ہے؟‘‘

اس سے قبل مہاراشٹر نو نرمان سینا کو پولس نے ویسٹرن ریلوے ہیڈ کوارٹر کے سامنے مظاہرہ کرنے کی اجازت نہیں دی تھی جس کے سبب تنظیم کے کارکنان بہت ناراض ہوئے۔ انھوں نے آج اس کے خلاف میٹرو سنیما کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جس میں پولس انتظامیہ کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے۔ اس کے بعد راج ٹھاکرے نے اپنی ریلی کے دوران کئی مقامات پر ٹھہر کر لوگوں سے خطاب کیا اور بی جے پی حکومت کی خامیوں سے روشناس کرایا۔ راج ٹھاکرے نے چرچ گیٹ پہنچ کر ریل افسران سے بھی ملاقات کی اور مسافروں کے مسائل ان کے سامنے رکھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔