ایم ایل سی انتخابات: مرزا پور اور ہردوئی سے ایس پی امیدواروں کی دستبرداری، بی جے پی کی جیت یقینی

یوپی میں ایم ایل سی انتخابات کی ووٹنگ سے پہلے ہی کئی سیٹوں پر بی جے پی کی جیت یقینی ہو گئی ہے، مرزا پور اور ہردوئی میں ایس پی امیدواروں نے کاغذات واپس لے لئے، جبکہ کئی سیٹوں پر کاغذات مسترد کردیئے گئے

تصویر بشکریہ آج تک
تصویر بشکریہ آج تک
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اتر پردیش قانون ساز کونسل کے انتخابات میں کئی سیٹوں پر بلا مقابلہ جیت درج کرنے رہی ہے۔ مرزا پور، ہردوئی، متھرا، ایٹہ، بلند شہر، لکھیم پور سمیت کئی مقامی انتظامیہ سیٹوں پر صرف بی جے پی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست پائے گئے ہیں۔ وہیں، علی گڑھ میں بھی ایس پی امیدوار جسونت سنگھ یادو کا پرچہ نامزدگی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ان تمام سیٹوں پر بی جے پی کی جیت یقینی قرار دی جا رہی ہے۔

ایس پی کے ایم ایل سی امیدوار رمیش یادو نے بدھ کے روز مرزا پور مقامی انتظامیہ سیٹ سے اپنا پرچہ نامزدگی واپس لے لیا۔ اس کی وجہ سے بی جے پی امیدوار ونیت سنگھ بلا مقابلہ جیت درج کر لیں گے۔ اسی طرح ہردوئی ضلع میں بی جے پی امیدوار اشوک اگروال کا بھی بلامقابلہ منتخب ہونا طے ہو گیا ہے۔ یہاں بھی ایس پی امیدوار نے اپنا پرچہ نامزدگی واپس لے لیا ہے۔


ہردوئی ضلع میں آج پرچہ نامزدگی واپس لینے کے دن ایس پی کے امیدوار رضی الدین نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔ یہاں سے بی جے پی کے اشوک اگروال اور ایس پی کے رضی الدین نے ہی کاغذات نامزدگی داخل کئے تھے۔ ایس پی امیدوار رضی الدین کے پرچہ نامزدگی واپس لینے کے بعد صرف اشوک اگروال ہی میدان میں رہ گئے اور ان کا بلامقابلہ انتخاب یقینی ہو گیا۔

قبل ازیں، متھرا اور ایٹہ سیٹوں کے لئے ایس پی امیدواروں کی نامزدگی منسوخ کر دی گئی تھی اور بلند شہر کے ایس پی-آر ایل ڈی اتحاد کے امیدوار نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے۔ لکھیم پور کھیری ضلع میں سماج وادی پارٹی کی جانب سے انوراگ پٹیل کے ایم ایل سی کے عہدے کے لئے داخل کئے گئے تینوں پرچوں کو مسترد کر دیا گیا۔ ان کے پرچے نوٹری وکیل کا رجسٹریشن درست نہ ہونے کی وجہ سے منسوخ کیا گیا۔


ایٹہ-متھرا-مین پوری سیٹ کے لئے سماج وادی پارٹی کے امیدوار ادے ویر سنگھ دھاکرے کی نامزدگی منسوخ کر دی گئی۔ ڈرامائی انداز میں، جب ایس پی امیدوار ادے ویر سنگھ پیر کو پرچہ نامزدگی کے دوسرے سیٹ کو داخل کرنے گئے تو کچھ لوگوں نے ان کے ہاتھ سے کاغذات نامزدگی چھین کر پھاڑ ڈالے۔ ادے ویر سنگھ کا کہنا ہے کہ ان کی کافی پٹائی بھی کی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔