میر واعظ عمر فاروق مسلسل چھٹی بار دنیا کی 500 با اثر مسلم شخصیات کی فہرست میں شامل

فہرست میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو مین آف دی ایئر (سال کی بہترین شخصیت) قراردیا گیا ہے جبکہ امریکی کانگریس کی خاتون راشدہ طالب کو وومن آف دی ایئر (سال کی بہترین خاتون) قرار دیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین اور متحدہ مجلس علماء جموں وکشمیر کے امیر میرواعظ مولوی عمر فاروق کو عالمی سطح پر سب سے زیادہ با اثر شخصیات کی فہرست مرتب کرنے والے ادارے اردن کے 'دی رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹیڈیز سینٹر' نے دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات میں مسلسل چھٹی بار شامل کر لیا ہے۔

فہرست میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو مین آف دی ایئر (سال کی بہترین شخصیت) قراردیا گیا ہے جبکہ امریکی کانگریس کی خاتون راشدہ طالب کو وومن آف دی ایئر (سال کی بہترین خاتون) قرار دیا گیا ہے۔ بتادیں کہ مرکزی حکومت کی طرف سے پانچ اگست 2019 کے جموں کشمیر کو دفعہ 370 و دفعہ 35 اے کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کی تنسیخ اور ریاست کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کرنے کے فیصلوں کے اعلان کے بعد سے حریت رہنما میرواعظ سری نگر کے مضافاتی علاقہ نگین میں واقع اپنی رہائش گاہ میں نظر بند ہیں۔


میرواعظ کا ٹوئٹر ہینڈل، جس پر وہ تقریباً ہر معاملے پر فوری طور pr ٹوئٹ کرنے کے لئے جانے جاتے تھے، بھی گزشتہ زائد از آٹھ ماہ سے غیر متحرک اور غیر فعال ہے۔ ان کے ٹوئٹر پر اڑھائی لاکھ فالوورس ہیں جبکہ خود وہ صرف 76 صارفین کو فالو کرتے تھے۔

میرواعظ نے ٹوئٹر ہینڈل پر آخری ٹوئٹ چار اگست 2019 کو ہی کیا ہے جو اس وقت کے سایہ فگن مخدوش صورتحال کے متعلق ہے۔ مذکورہ ٹوئٹ میں انہوں نے قرآن پاک کی ایک آیت پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 'کشمیری عوام نے ہمیشہ ہر قسم کے حالات کا مردانہ وار مقابلہ کیا ہے اور اب کی بار بھی انشاء اللہ، اللہ کی نصرت و تائید سے موجودہ حالات کا ہمت و حوصلے کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔ گھبرانے کے بجائے حوصلوں کو بلند رکھیں۔ اللہ کی ذات پر بھر پور توکل اور بھروسہ رکھ کر اجتماعیت کا مظاہرہ کریں'۔


طویل خانہ نظربندی کے بیچ دی رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹیڈیز سینٹر نے میرواعظ عمر فاروق کو مسلسل چھٹی بار دنیا کے پانچ سو بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ ادارے کی جانب سے ہر سال دنیا کے بااثر افراد کی فہرست جاری کی جاتی ہے۔

ادارے کی 'دی مسلم 500' کے عنوان سے 2020 کی سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جموں و کشمیر میں موجودہ میرواعظ مولوی عمر فاروق کو ان کی سماجی، تعلیم، سیاست، ملی اور سماجی میدانوں میں جو بے لوث اور مخلصانہ خدمات انجام دینے کے اعتراف میں اس عالمی اعزاز سے نوازا جا رہا ہے۔


رپورٹ کے مطابق میرواعظ نے اپنے نامور والد گرامی ممتاز دینی و سیاسی رہنما شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق صاحب کی 1990ء میں ناگہانی شہادت کے فوراً بعد کشمیری عوام کی شدید خواہش اور اصرار پر صرف 17 سال کی عمر میں میرواعظ کشمیر کا منصب سنبھالا اور اس دوران اپنی تعلیمی اور منصبی ذمہ داریاں ادا کرنے کے ساتھ ساتھ 1993ء میں کشمیری عوام کی حق خودارادیت پر مبنی برحق جدوجہد کو عالمی سطح پر متعارف اور مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو اجاگر کرانے کے لئے کشمیر کی جملہ دینی، ملی اور سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے کل جماعتی حریت کانفرنس کی داغ بیل ڈالی اور تب سے لے کر آج تک مسلسل میرواعظ کشمیری عوام کی حق و انصاف سے عبارت جدوجہد کو نہ صرف آگے بڑھا رہے ہیں بلکہ اس ضمن میں انہیں اکثر و بیشتر حکمرانوں کی جانب سے شدید قسم کے عذاب و عتاب، قدغنوں اور پابندیوں کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔