اندھرا پردیش کے کڑپہ میں حج ہاؤس کا افتتاح

کڑپہ میں حج ہاؤس کی پانچ منزلہ شاندار عمارت کا افتتاح ریاستی وزیر آدی نارائنا ریڈی نے گزشتہ روز کیا، ادھر 80 کروڑ کی لاگت سے وجئے واڑہ میں حج ہاؤس کی شاندار عمارت کی تعمیر کا کام جاری ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ریاست آندھراپردیش میں وجئے واڑہ اور کڑپہ حج ہاؤس کی تعمیرکا اعلان کیا گیا تھا ۔کڑپہ میں حج ہاؤس کی پانچ منزلہ شاندار عمارت کی تعمیر عمل میں آئی جس کا افتتاح ریاستی وزیر آدی نارائنا ریڈی نے گزشتہ روز کیا جبکہ 80کروڑ کی لاگت سے وجئے واڑہ میں حج ہاؤس کی شاندار عمارت کی تعمیر کا کام جاری ہے۔

رائل سیما کے عازمین حج کی سہولت کے لئے کڑپہ ضلع میں حج ہاؤس تعمیر کیا گیا ہے ۔متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے ہی حیدرآباد کے حج ہاؤس سے اے پی کے عازمین حج سفر مقدس کے لئے روانہ ہورہے تھے تاہم ان کی ضروریات کا خیال رکھتے ہوئے چندرابابونائیڈو حکومت نے یہ اقدام کیا ہے۔

اس موقع پر این ایم ڈی فاروق ریاستی وزیر اقلیتی بہبود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج ہاؤس کی شاندار عمارت کی تعمیر وزیراعلی این چندرابابو نائیڈو کی شخصی دلچسپی کا نتیجہ ہے ۔کڑپہ ایرپورٹ یا تروپتی ایرپورٹ سے عازمین حج کی راست فلائیٹس کے لئے مرکز سے نمائندگی کی جائے گی۔این ایم ڈی فاروق نے کہا کہ حج ہاؤس صرف ایک ماہ ہی کام رہتا ہے ۔لہذا باقی مہینو ں میں اس عمارت کو اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے کاموں کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

انہوں نے قلیل وقت میں حج ہاؤس کی تعمیرپر کلکٹر ہری کرن کی ستائش کی۔ این ایم ڈی فاروق نے کہا کہ آندھراپردیش میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ائمہ و موذنین کو اعزازیہ دیا جارہا ہے۔مساجد کی تعمیر و مرمت اور آہک پاشی کے لئے کروڑہا روپے جاری کئے گئے ہیں۔

انچارج تلگودیشم نرسمہاریڈی نے حج ہاؤس کے احاطہ میں شادی خانہ کی تعمیر کا مطالبہ کیاجس پر این ایم ڈی فاروق نے وزیراعلی سے نمائندگی کے ذریعہ اقدامات کا یقین دلایا۔ صدرنشین اے پی حج کمیٹی مومن احمد حسین نے کہا کہ تلگودیشم حکومت مسلمانوں کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔

احمدشریف صدرنشین قانون ساز کونسل نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے حج سبسیڈی برخاست کردی ہے جس کی وجہ سے عازمین کو مشکلات کا سامنا ہے۔عازمین پر 10فیصد جی ایس ٹی بھی عائد کیا جارہاہے جس کی وجہ سے ہر عازم کو 15ہزار روپے زائد ادا کرنے پڑرہے ہیں۔انہوں نے چندرابابو نائیڈو سے خواہش کی کہ عازمین پر عائد کردہ جی ایس ٹی کی رقم حکومت ادا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاؤس میں اقلیتوں کے لئے گروپ I اور سیول سرویس امتحانات کی تربیت کا نظم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاؤس کے احاطہ میں شادی خانہ یا اقلیتی اقامتی اسکول بھی قائم کیا جاسکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔