'فرضی خبروں' پر بھڑکے نابالغ پہلوان کے والد، کہا- برج بھوشن پر لگے الزامات واپس نہیں لیے، اپنے بیان پر قائم

نابالغ متاثرہ کے والد نے کہا کہ سوشل میڈیا پر الزامات کے واپس لینے کے حوالے سے جو کچھ بھی کہا جا رہا ہے وہ فرضی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (WFI) کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی ہراسانی کا الزام لگانے والے 17 سالہ ریسلر کے والد نے اتوار کی دیر رات گئے کہا کہ انہوں نے الزامات واپس نہیں لیے ہیں۔ متاثرہ کے والد نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کے بیان (الزامات) کو واپس لینے کے حوالے سے جو کچھ بھی کہا جا رہا ہے وہ فرضی ہے۔

نابالغ متاثرہ کے والد نے کہا کہ ہم اپنے بیان پر قائم ہیں اور میں اس وقت اسٹیشن سے باہر ہوں ، نہ دہلی میں اور نہ ہی ہریانہ میں۔ دو دن پہلے کسانوں اور کھاپ پنچایتوں (کمیونٹی کورٹس) کے نمائندوں نے مرکز کو برج بھوشن سنگھ کو 9 جون تک گرفتار کرنے کا الٹی میٹم دیا تھا اور کہا تھا کہ اگر برج بھوشن سنگھ کو گرفتار نہیں کیا گیا تو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔


پہلوانوں کے احتجاج کی آئندہ کی حکمت عملی پر ہریانہ کے کروکشیتر شہر میں منعقدہ مہاپنچایت میں اس سلسلے میں اجتماعی اور متفقہ فیصلہ لیا گیا۔ یکم جون کو مظفر نگر، اتر پردیش میں ایک 'مہاپنچایت' منعقد ہوئی، جہاں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایک وفد صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کرے گا تاکہ پہلوانوں کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا جائے۔

کروکشیتر مہاپنچایت میں بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت نے مرکزی حکومت کو خبردار کیا کہ اگر انہیں 9 جون کو جنتر منتر پر احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا جائے گا۔ کسان رہنما نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ 28 مئی کو پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کے دوران پہلوانوں کے خلاف درج مقدمات کو واپس لیا جائے۔ دہلی پولیس نے اسی دن احتجاجی مقام سے پہلوانوں کا  تمام سامان ہٹا دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔