مودی کے وَزیر نے حیدر آباد کو دہشت گردوں کے لیے بتایا ’سیف زون‘ تو مچ گیا ہنگامہ

وزیر مملکت برائے داخلہ کشن ریڈی نے حیدر آباد کو دہشت گردوں کے لیے محفوظ مقام قرار دیا جس کے بعد نہ صرف اسدالدین اویسی نے انھیں تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ امت شاہ نے بھی انھیں پھٹکار لگائی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے بی جے پی لیڈر جی. کشن ریڈی نے ہفتہ کے روز وزیر مملکت برائے داخلہ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد حیدر آباد کے خلاف ہی ایسی بیان بازی کر دی جس کے بعد وہ تنقید کا نشانہ بن رہے ہیں۔ دراصل انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ بیان دے ڈالا کہ ’’حیدر آباد دہشت گردوں کے لیے سیف زون (محفوظ مقام) بن گیا ہے۔ جب بھی این آئی اے کے چھاپے پڑتے ہیں تو اس کا تعلق حیدر آباد سے نکلتا ہے اور اس کے لیے تلنگانہ حکومت کچھ نہیں کر رہی۔‘‘

کشن ریڈی کے اس بیان کے فوراً بعد آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسدالدین اویسی نے ان کی جم کر خبر لی اور انھیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ ’’پانچ سالوں میں ایسا کتنی بار ہوا ہے جب این آئی اے، آئی بی یا آر اے ڈبلیو نے تحریری شکل میں کہا ہو کہ حیدر آباد دہشت گردوں کے لیے سیف زون بن رہا ہے۔ یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے جب اس طرح کی باتیں کہی جاتی ہیں۔‘‘


اسدالدین اویسی نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ’’گزشتہ 5 سالوں سے حیدر آباد میں امن و امان ہے، کوئی فرقہ وارانہ فساد نہیں ہوا۔ مذہبی تہوار خوشگوار ماحول میں منائے جاتے ہیں۔ اس وقت حیدر آباد ایک ترقی کرتا ہوا شہر ہے۔ ریڈی ایسا کیسے بول رہے ہیں، تلنگانہ یا حیدر آباد کے ساتھ ان کی کیا دشمنی ہے؟ کیا انھیں اس کی ترقی اچھی نہیں لگ رہی؟‘‘ اویسی نے ریڈی کے حیدر آباد کا باشندہ ہونے کے باوجود اس طرح کے بیان دینے پر حیرانی ظاہر کی اور کہا کہ ’’وزیر مملکت برائے داخلہ کا ایسا کہنا حیدر آباد کے لیے ان کی نفرت کو ظاہر کرتا ہے۔ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیان کسی وزیر کو پسند نہیں آتے۔ لیکن ہم ان سے یہی امید کرتے ہیں۔ وہ جہاں بھی مسلمانوں کو دیکھتے ہیں، انھیں وہ دہشت گردوں سے جوڑ دیتے ہیں۔‘‘



جی. کشن ریڈی کے بیان پر مودی حکومت میں ان کے سینئر یعنی مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی انھیں پھٹکار لگائی ہے۔ ’آج تک‘ نیوز ویب سائٹ نے ذرائع کے حوالے سے ایک خبر شائع کی ہے جس میں امت شاہ کی ناراضگی کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق امت شاہ نے اپنے جونیئر وزیر کو ایسے بیانوں سے بچنے کی صلاح دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Jun 2019, 10:10 PM