ٹھیکیدار خودکشی معاملہ: کرناٹک کے وزیر ایشورپا کا مستعفی ہونے کا اعلان

بی جے پی لیڈر اور ٹھیکیدار سنتوش کے پاٹل کے خودکشی کے معاملہ میں پھنسے کرناٹک کے دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر کے ایس ایشورپّا نے جمعرات کے روز مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا

وزیر ایشورپا کا استعفی کا اعلان / آئی اے این ایس
وزیر ایشورپا کا استعفی کا اعلان / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بنگلورو: بی جے پی لیڈر اور ٹھیکیدار سنتوش کے پاٹل کے خودکشی کے معاملہ میں پھنسے کرناٹک کے دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر کے ایس ایشورپّا نے جمعرات کے روز مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ اس معاملہ پر کانگریس کی جانب سے شدید احتجاج درج کیا جا رہا ہے اور وزیر کے استعفی اور گرفتاری کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

اپنے استعفی کا اعلان کرتے ہوئے وزیر ایشورپا نے کہا، ’’میں نے حکومت میں وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی کی قیادت میں اب تک آر ڈی پی آر کے وزیر کے طور پر کام کیا ہے۔ میں نے جمعہ کی شام کو اپنا استعفی پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں اپنی پارٹی اور پارٹی کی قیادت کو شرمندہ نہیں کرنا چاہتا۔‘‘


ایشورپا نے مزید کہا کہ انہوں نے پہلے بھی اپنا استعفی پیش کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن ان کے معاونین نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا تھا۔ انہوں نے کہا، ’’اگر میں نے کوئی غلطی کی ہے تو بھگوان مجھے سزا دیں۔ مجھے یقین ہے کہ میں ٹھیکیدار کے خودکشی معاملہ میں بے قصور ثابت ہوں گا۔‘‘

خیال رہے کہ ٹھیکیدار پاٹل نے زہر کھا کر اپنی جان دی تھی اور ایشورپا کو براہ راست طور پر اس معاملہ کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔ وزیر پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے معاونین کے ذریعے 4 کروڑ کی منصوبہ بندی میں 40 فیصد کمیشن کا مطالبہ کیا تھا۔ کانگریس کی جانب سے اشورپا کے استعفی اور گرفتاری کے مطابہ پر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔