ویڈیو: لاکھوں کی تعداد میں ٹڈی دل پہنچا گڑگاؤں، دفاتر اور گھروں پر بھی حملہ

بڑی تعداد میں ٹڈی گڑگاؤں میں منڈلاتے نظر آئے اور کئی جگہ پر تو آسمان ٹڈیوں سے ڈھکا ہوا دکھائی دینے لگا۔ ان ٹڈیوں کو دیکھ کر لوگوں نے گھر کے دروازے بند کر لیے اور ہوٹلر بجانا شروع کر دیا۔

user

قومی آوازبیورو

گزشتہ کچھ دنوں سے ٹڈی دَل کا خوف کسانوں کے ذہن میں بری طرح بیٹھ گیا ہے اور اب تو کسان کے ساتھ ساتھ عام لوگ بھی ٹڈیوں سے پریشان ہو رہے ہیں۔ ٹڈیوں کا ایک بڑا گروپ اب دہلی سے ملحق علاقہ گڑگاؤں یعنی گروگرام پہنچ چکا ہے۔ کل ٹڈیوں نے ہریانہ کے ریواڑی میں کسانوں کی فصلوں کو زبردست نقصان پہنچایا تھا۔ انتظامیہ کے ذریعہ پہلے سے مطلع کیے جانے کے باوجود کسان بڑی تعداد میں پہنچے ٹڈیوں کا مقابلہ نہیں کر پائے اور ٹڈیوں کے حملے کا جو ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آیا ہے وہ خوفزدہ کر دینے والا ہے۔

گڑگاؤں میں ٹڈیوں نے کسانوں کو تو نقصان پہنچایا ہی، انھوں نے گھروں اور دفاتر میں بھی دراندازی کی جس کی وجہ سے عام لوگ کافی پریشان رہے۔ لاکھوں کی تعداد میں ٹڈی اِدھر اُدھر منڈلاتے نظر آئے اور کئی جگہ پر تو آسمان ٹڈیوں سے ڈھکا ہوا دکھائی دینے لگا۔ گروگرام انتظامیہ نے جمعہ کی شام علاقے میں لوگوں سے اپنے گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند کرنے کی ہدایت دی تھی، ساتھ ہی کسانوں کو برتن اور ٹن کے ڈبے پاس رکھنے کے لیے بھی کہا تھا تاکہ ان کے شور سے ٹڈیوں کو بھگایا جا سکے۔

گڑگاؤں کی باشندہ ریتا شرما نے ایک ہندی نیوز پورٹل کو آج صبح ہوئے ٹڈیوں کے حملہ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ "گروگرام میں ٹڈیوں کا حملہ آج صبح تقریباً 11 بجے شروع ہوا۔ ٹڈیوں کو دیکھتے ہی ہم نے اپنے گھروں کی کھڑکیوں اور دروازوں کو بند کر دیا۔ سوسائٹی کے لوگوں نے ہوٹر بجانا شروع کر دیا۔ کسانوں نے ٹڈیوں کے خلاف اپنے پمپ تیار کر رکھے تھے تاکہ ان کے آتے ہی وہ استعمال کر سکیں۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Jun 2020, 2:11 PM