بانڈی پورہ میں پولیس پارٹی پر جنگجوﺅں کی فائرنگ، پولیس اہلکار سلطان اور فیاض کی موت

مقامی پولیس نے بتایا کہ پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کر دیی ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

جموں وکشمیر کے شمالی ضلع بانڈی پورہ میں مشتبہ جنگجوﺅں نے جمعہ کے روز پولیس پارٹی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ’’جمعہ کے روز ضلع بانڈی پورہ کے گلشن چوک میں ملی ٹینٹوں نے پولیس پارٹی پر اچانک فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں دو اہلکار خون میں لت پت ہوئے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’زخمیوں کو علاج و معالجہ کی خاطر فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قراردیا۔‘‘ ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کے نام محمد سلطان اور فیاض احمد بتائے جا رہے ہیں۔

جنگجوؤں کے ذریعہ کیے گئے اس اچانک حملے پر جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ ’’میں شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ علاقہ میں پولیس پر حملہ کی مذمت کرتا ہوں۔ اس حملے میں جموں و کشمیر پولیس کے جوان محمد سلطان اور فیاض احمد کی جان چلی گئی۔ اللہ انھیں جنت نصیب کریں اور ان کے اہل خانہ کو صبر کی طاقت دے۔‘‘


جنگجوؤں کے حملہ کے بعد مقامی پولیس مستعد اور سرگرم ہو گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کر دیی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔