کولگام میں ملی ٹنٹوں کا فوجی پارٹی پر حملہ، 3 اہلکار زخمی

پولیس ذرائع نے بتایا کہ زخمی جوانوں کو فوری طور پر علاج و معالجے کے لئے نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ دریں اثنا حملے کے فوراً بعد فوج نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے شمسی پورہ علاقے میں بدھ کی صبح مشتبہ ملی ٹنٹوں نے سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہوگئے، جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ضلع کولگام کے شمسی پورہ علاقے میں بدھ کی صبح ملی ٹنٹوں نے سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں تین اہلکار گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ زخمی جوانوں کو فوری طور پر علاج و معالجے کے لئے نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ دریں اثنا حملے کے فوراً بعد فوج نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔


وہیں گرمائی دارلحکومت سری نگر کے صورہ علاقے میں ایک ماہ قبل نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں زخمی ہونے والے شخص کی بدھ کی صبح یہاں ایک اسپتال میں موت واقع ہوگئی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے صورہ علاقے میں سال گزشتہ کے یکم دسمبر کو نامعلوم بندوق برداروں نے نادف حنیف خان نامی ایک شہری کو اپنی ہی رہائش گاہ پر گو لیاں مار کر زخمی کر دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شہری کو فوری طور علاج و معالجے کے لئے شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ قریب ایک ماہ تک موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد بدھ کی صبح دم توڑ بیٹھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔