محکہ موسمیات نے جاری کیا سردی کا الرٹ، شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں ’گلابی ٹھنڈ‘ کی آہٹ

شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں ’گلابی ٹھنڈ‘ نے دستک دے دی ہے۔ دہلی-این سی آر میں دن میں کافی تیز دھوپ نکل رہی ہے، جبکہ شام ہونے کے ساتھ ہی درجہ حرارت میں کمی آنے کے سبب سردی کا احساس ہونے لگا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

مانسون کے ختم ہونے کے ساتھ ہی اب شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں ’گلابی ٹھنڈ‘ نے دستک دے دی ہے۔ دہلی-این سی آر میں دن میں کافی تیز دھوپ نکل رہی ہے، جبکہ شام ہونے کے ساتھ ہی درجہ حرارت میں کمی آنے لگتی ہے، جس کے سبب لوگوں کو سردی کا احساس ہونے لگا ہے۔ یوپی میں رات میں ٹھنڈ ہونے کے سبب لوگ کمبل نکالنے کو مجبور ہو رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق منگل (14 اکتوبر) کو بھی دہلی-این سی آر میں موسم گزشتہ دنوں جیسا ہی رہے گا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سیلسیس رہے گا، لیکن ان سب کے باوجود دن میں لوگ گرمی سے پریشان ہو رہے ہیں۔ 14 اکتوبر سے لے کر 18 اکتوبر تک دہلی-این سی آر کا موسم اسی طرح بنا رہے گا۔

اترپردیش میں ان دنوں رات کے وقت سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ حالانکہ دن میں تیز دھوپ نکل رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں یہ سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ تاہم بارش اور تیز ہوا کے متعلق کوئی الرٹ جاری نہیں ہوا ہے۔ 14 اکتوبر کو مغربی اور مشرقی یوپی میں موسم خشک رہنے کی امید ہے۔ 16-15 اکتوبر کو بھی ریاست کے دونوں حصوں میں صاف رہ سکتا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق خشک مغربی اور شمالی ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئے گی۔ زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت معمول یا معمول سے تھوڑا کم رہنے کی امید ہے۔ واضح رہے کہ مانسون سیزن (یکم جون سے 30 ستمبر) کے دوران ریاست میں مجموعی طور پر معمول کے مطابق بارش درج کی گئی ہے۔


اگر راجستھان کی بات کریں تو زیادہ تر اضلاع میں دن و رات کے درجہ حرارت میں کمی اور اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔ جے پور کے موسمیاتی مرکز کے مطابق شمال سے آنے والی ہواؤں کے کمزور ہونے اور مشرقی ہواؤں کے مضبوط ہونے کے باعث دن و رات کے درجہ حرارت میں اضافے کی امید ہے۔ شمالی ہندوستان میں آئندہ ایک ہفتہ تک موسم کی کسی بھی طرح کی سرگرمی نہ ہونے کے باعث راجستھان سمیت پورے شمالی ہندوستان میں موسم خشک رہنے کی امید ہے۔

دوسری جانب ہماچل پردیش میں سردی میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ شملہ کے موسمیاتی مرکز کے مطابق آئندہ 18 اکتوبر تک موسم صاف رہے گا اور کہیں بھی بارش یا برفباری کی امید نہیں ہے۔ دن میں دھوپ نکلنے کی وجہ سے زیادہ زیادہ درجہ حرارت میں معمولی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، لیکن کم از کم درجہ حرارت میں فی الحال کوئی خاص تبدیلی ہونے کی امید نہیں ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق جنوبی ہندوستان میں بارش کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ شمال مشرقی ریاستوں میں ہلکی بارش ہوگی۔ 17 اکتوبر کے آس پاس مہاراشٹر، جنوبی گجرات اور ممبئی میں بارش ہونے کی امید ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔