میرٹھ میں لرزہ خیز واردات: بیوی پر شوہر کو نشے کی گولیاں کھلا کر نہر میں پھینکنے کا الزام، 3 ملزمان گرفتار
میرٹھ میں ایک بیوی پر شوہر کے قتل کا الزام لگا ہے۔ پولیس کے مطابق، اس نے عاشق اور اس کے دوست کے ساتھ مل کر شوہر کو نشے کی گولیاں کھلا کر نہر میں پھینکا۔ تینوں کو حراست میں لیا گیا ہے

میرٹھ: مغربی اتر پردیش کے میرٹھ ضلع میں ایک ایسا معاملہ سامنے آیا ہے جس نے سننے والوں کو حیران کر دیا۔ روہٹا تھانہ علاقے کے رسول پور گاؤں میں ایک شخص کی موت کے معاملے میں پولیس نے اس کی بیوی، ایک مقامی نوجوان اور اس کے ساتھی کو حراست میں لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور ان پر شوہر کے قتل کا الزام ہے۔
مقتول کی شناخت 32 سالہ انل کے طور پر ہوئی ہے، جس کی شادی تقریباً 8 سال قبل کاجل نامی خاتون سے ہوئی تھی۔ دونوں کے تین بچے بھی ہیں۔ پولیس کے مطابق، چند سال پہلے کاجل کے گاؤں کے ہی ایک نوجوان آکاش سے تعلقات قائم ہو گئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 26 اکتوبر کو انل اچانک لاپتہ ہو گیا تھا۔ اس کے بھائی نے روہٹا تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ 5 نومبر کو بھائی نے ایک اور تحریری شکایت دی، جس میں اس نے بیوی کاجل، آکاش اور ایک دوسرے شخص بادل پر انل کے اغوا اور قتل کا الزام لگایا۔ اسی بنیاد پر پولیس نے مقدمہ درج کیا اور تفتیش تیز کر دی۔
پولیس کے مطابق، پوچھ گچھ کے دوران تینوں سے اہم معلومات ملی ہیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ بیوی نے عاشق کی مدد سے شوہر کو نشے کی گولیاں کھلائیں، پھر بیہوش ہونے کے بعد گنگ نہر کے قریب لے جایا گیا، جہاں اس کا گلا دبانے کی کوشش کی گئی اور بعد میں اسے نہر میں پھینک دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور ان کے بیانات کی بنیاد پر ثبوت اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ موقع سے دوپٹہ اور گولیاں برآمد ہونے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے، جنہیں پولیس نے ضبط کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق، گاؤں میں پہلے بھی ان کے تعلقات کے بارے میں بات چلی تھی اور اس سلسلے میں ایک مقامی سطح کی پنچایت بھی ہوئی تھی مگر معاملہ دبا دیا گیا تھا۔ فی الحال پولیس نے تینوں کے خلاف قتل اور سازش کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
ادھر مقتول کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ انل کے لاپتہ ہونے کے بعد ہی انہیں شک ہو گیا تھا کہ اس کی موت کسی سازش کے تحت ہوئی ہے۔ اہلِ خانہ نے انصاف کی اپیل کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انل کی لاش کی تلاش جاری ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی موت کی اصل وجہ واضح ہو پائے گی۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔