میناکشی لیکھی گھوڑے سے گر کر شدید زخمی، کیلاش مان سروور یاترا درمیان میں چھوڑ کر ہندوستان واپس
ابتدائی جانچ میں ان کی کمر میں سنگین چوٹ لگنے کا پتہ چلا ہے۔ انہیں سڑک راستے سے دھارچولہ لایا گیا۔ وہ کیلاش مان سروور یاترا کے دوسرے دستے میں شامل تھیں۔

میناکشی لیکھی (فائل)، تصویر سوشل میڈیا
سابق مرکزی وزیر اور بی جی جے پی رہنما میناکشی لیکھی کیلاش مان سروور یاترا کے دوران زخمی ہو گئی ہیں۔ تبت کے دارچن علاقے میں سفر کے دوران وہ ایک میول سے گر گئیں، جس سے انہیں شدید چوٹ پہنچی ہے۔ ابتدائی جانچ میں ان کی کمر میں سنگین چوٹ لگنے کا پتہ چلا ہے۔
واقعہ کے بعد میناکشی لیکھی کو یاترا کے درمیان میں ہی ہندوستان لایا گیا ہے۔ اتوار کی صبح انہوں نے لپولیکھ سرحد کو پار کیا اور گونجی پہنچیں۔ اس کے بعد انہیں سڑک راستے سے دھارچولہ لایا جا رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بلند ہمالیائی علاقے میں موسم خراب ہونے کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ریسکیو ممکن نہیں ہو سکا۔ اس وجہ سے زمینی راستے سے ہی میناکشی لیکھی کو ریسکیو کیا جا رہا ہے۔
دراصل میناکشی لیکھی کیلاش مان سروور یاترا کے دوسرے دستے میں شامل تھیں۔ ذرائع کے مطابق ہفتہ کو یاتری تبت کے دارچن میں پہنچے تھے اور میناکشی لیکھی گھوڑے پر سوار تھیں۔ اسی درمیان وہ گھوڑے سے گر گئیں۔ زمین پر گرنے سے ان کی کمر میں سنگین چوٹ آئی۔ انہیں یاترا راستے پر ہی بنائے گئے اسپتال میں لے جایا گیا جہاں ان کا ایکس-رے ہوا۔ اس میں ان کی ریڑھ کی ہڈی میں چوٹ لگنے کی تصدیق ہوئی۔ ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے فوراً انہیں ہندوستان لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مرکزی وزیر میناکشی لیکھی کیلاش مان سروور یاترا کے لیے پورے جوش کے ساتھ پتھورا گڑھ پہنچی تھیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس یاترا کے دستہ میں شامل ہونا ان کے لیے خوش قسمتی ہے۔ لیکن تبت میں شیو دھام پہنچنے سے پہلے وہ حادثہ میں زخمی ہو گئیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔