ایم سی ڈی میئر الیکشن: ایوان میں ہنگامہ آرائی اور ہاتھاپائی کے بعد منیش سسودیا کا بیان- ’کتنا نیچے گروگے بی جے پی والو!‘

عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے سوربھ بھردواج نے کہا، "بی جے پی کی غنڈہ گردی شروع ہو گئی ہے۔ ہمارے کارپوریٹروں کو دھکے دئے  گئے، مارا پیٹا گیا۔"

<div class="paragraphs"><p> میئر انتخاب سے قبل ہنگامہ کرتے کونسلرز / تصویر قومی آواز / وپن</p></div>

میئر انتخاب سے قبل ہنگامہ کرتے کونسلرز / تصویر قومی آواز / وپن

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی کے میئر کے انتخاب کے لیے  جمعہ کے روز ہونے والی ووٹنگ عین قبل ایوان میں کافی ہنگامہ ہوا۔ عآپ  اور بی جے پی کے کونسلروں نے پریزائیڈنگ افسر کو گھیر لیا اور ہاتھا پائی کے درمیان مائیک تک توڑ دیا۔ خواتین کونسلرز کے ساتھ بھی  ہاتھا پائی ہوئی۔ زبردست ہنگامہ آرائی کے درمیان حلف برداری اور میئر کا انتخاب ملتوی کر دیا گیا۔ ایوان میں پیش آنے والے اس واقعہ پر عام آدمی پارٹی اور بی جے پی لیڈران نے ایک دوسرے پر الزامات عائد کئے ہیں۔ 

’کتنا نیچے گروگے بی جے پی والو!‘

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے ٹوئٹر پر لکھا ’’ایم سی ڈی میں اپنی بداعمالیوں کو چھپانے کے لیے کتنے نیچے گروگے بی جے پی والو! الیکشن ملتوی کر دیا، پریزائیڈنگ آفیسر کی غیر قانونی تقرری، نامزد کونسلرز کی غیر قانونی تقرری اور اب عوامی منتخب کونسلرز کو حلف نہ دلوانا... اگر عوام کے فیصلے کا احترام نہیں کر سکتےت تو پھر الیکشن ہی کس لئے!‘‘


ادھر، بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ منوج تیواری نے عآپ پر حملہ بولا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ’’عآپ کے کونسلروں نے 49 سے 134 ہوتے ہی غنڈہ گردی شروع کر دی۔ دھکے مارنا، لڑنا جھگڑنا، قانون پر عمل نہ کرنا یہی سچائی ہے اس غنڈہ پارٹی کی۔ کیجریوال خود اپنے گھر بلا کر افسر اور لیڈران کو دھمکاتے اور پٹواتے ہیں تو ان کے چیلوں سے اور کیا امید کر سکتے ہیں۔‘‘

ہاتھ شیشے سے کاٹا گیا

عآپ کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے کہا، "ہمارے کونسلر آپ کے سامنے بیٹھے ہیں، جن کے کپڑے پھاڑے گئے ہیں، اس کا ہاتھ شیشے سے کاٹا گیا ہے، خون بہایا گیا ہے، یہ بی جے پی کی غنڈہ گردی ہے، سب یہ دیکھ رہے ہیں۔"

'بی جے پی کی غنڈہ گردی شروع ہو گئی ہے'

عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی  سوربھ بھاردواج نے بھی واقعہ کے لئے بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا، "بی جے پی کی غنڈہ گردی شروع ہو گئی ہے، ہمارے کونسلروں کو دھکے دیے گئے، مارا پیٹا گیا، وہ ہر معاملے میں من مانی کر رہے ہیں، آئینی طریقہ کار پر عمل نہیں کیا جا رہا، ہمارے کونسلرز کو مارا پیٹا جاتا ہے اگر وہ احتجاج کریں تو نیچے گرا دیا گیا۔"


رمیش بدھوڑی نے عآپ  پر تنقید کی

بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی نے عآپ  کے کونسلروں کو اس سب کے لئے ذمہ دار ٹھہرایا۔ رکن پارلیمنٹ  نے کہا کہ اگر عام آدمی پارٹی  لیڈران پہلے ہی دن اس طرح کی حرکت کرتے ہیں تو وہ عوام کے لیے کیا کریں گے! یہ پروٹیم اسپیکر کا اختیار ہے کہ وہ جسے چاہیں حلف کے لیے پہلے بلائیں، اس پر کیا ہنگامہ کرنا!’’

'آج ایم سی ڈی کے لیے یوم سیاہ ہے'

بی جے پی لیڈر کپل مشرا نے بھی عآپ  پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا، ’’آج دہلی میونسپل کارپوریشن کے لئے  یوم سیاہ ہے۔ ان کی آپسی تقسیم کی وجہ سے کہانی بنائی جا رہی ہے۔ عام آدمی پارٹی کو میٹرو شہر چلانا سیکھنا پڑے گا۔ اروند کیجریوال جی کو شرم آنی چاہیے۔ آج  ایم سی ڈی کا سر شرم سے نیچے کیا جا رہا ہے اور یہ سب کیجریوال اور منیش سسودیا کے کہنے پر ہو رہا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔