ایم سی ڈی ضمنی انتخاب کے نتائج کا اعلان، بی جے پی کو جھٹکا، کانگریس فائدے میں، اے اے پی نے بچایا گڑھ

ووٹوں کی گنتی کے بعد آئے نتائج کے مطابق بی جے پی نے 7 سیٹوں کامیابی حاصل کی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے 3 اور کانگریس نے ایک سیٹ جیتی، جبکہ ایک سیٹ پر اور آزاد امیدوار کو کامیابی ملی

<div class="paragraphs"><p>ایم سی ڈی دفتر/  آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے 12 وارڈوں میں ہوئے ضمنی انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ جس میں کانگریس کو فائدہ ہوا ہے وہیں بی جے پی کو نقصان اُٹھانا پڑا ہے جبکہ اے اے پی کسی طرح اپنا گڑھ بچانے میں کامیاب رہی ہے۔ نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 7 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے 3، کانگریس نے 1 اور آزاد امیدوار ایک سیٹ جیتنے میں کامیاب رہے۔ جن 12 سیٹوں پر ضمنی الیکشن ہوا تھا ان میں 9 سیٹیں بی جے پی کے پاس تھیں اس لئے اس الیکشن میں پارٹی کو 2 سیٹوں کا نقصان ہوا ہے۔

سنگم وہار-اے وارڈ اس ضمنی انتخاب کا سب سے بڑا سرپرائز ثابت ہوا۔ یہاں کانگریس کے سریش چودھری نے 12,766 ووٹ حاصل کر کے بی جے پی امیدوار شُبھرجیت گوتم کو واضح فرق سے شکست دی۔ یہ نتیجہ کانگریس کے لیے بڑا جوش اور حوصلہ بڑھانے والا ہے۔ وہیں جنوبی دہلی کا دکشن پوری وارڈ ایک بار پھر عام آدمی پارٹی کے ہاتھ میں آگیا ہے۔ اے اے پی امیدوار رام سروپ کنوجیا نے 12,372 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی، جب کہ بی جے پی امیدوار روہنی کو 10,110 ووٹ ملے۔


اسی طرح پرانی دہلی کے ’ہاٹ سیٹ‘ کہے جانے والے چاندنی چوک وارڈ میں سخت مقابلہ تھا جہاں آخر کار بی جے پی جیت گئی۔ اس سیٹ پر بی جے پی کی سمن گوڑ گپتا نے 7,825 ووٹ حاصل کرکے اے اے پی کے ہرش شرما (6,643 ووٹ) کو شکست دی۔ یہ جیت بی جے پی کے لیے پرانی دہلی میں موجودگی کا اشارہ مانی جارہی ہے۔

اس کے علاوہ بی جے پی نے شالیمار باغ۔ بی میں سب سے بڑی جیت درج کی۔ یہاں انیتا جین نے 16,843 ووٹ حاصل کیے، جواس پورے ضمنی انتخاب میں جیت کے سب سے بڑے مارجن میں سے ایک ہے۔ مجموعی طور پر بی جے پی نے 7 وارڈ جیت لیے ہیں اور ان میں کئی سیٹوں پرآسان ہار جیت کا فیصلہ ہوا۔ ونود نگر وارڈ میں سرلا چودھری نے 1769 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ دوارکا بی وارڈ میں بی جے پی کی منیشا دیوی نے 9,100 ووٹوں کے فرق سے جیت حاصل کی۔


اشوک وہار وارڈ میں وینا اسیجا نے 405 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی، جو اس الیکشن کے سب سے قریبی مقابلوں میں سے ایک رہی۔ اس کے علاوہ گریٹر کیلاش سے انجم ماڈل نے 4,165 ووٹوں کے فرق سے جیت درج کی۔ ڈھیچاؤ کلاں وارڈ میں ریکھا رانی نے 5,637 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔

چاندنی محل وارڈ میں اس بارسب سے حیران کن نتیجہ دیکھنے کو ملا۔ یہاں آزاد امیدوار محمد عمران نے 4592 ووٹوں کے فرق سے جیت درج کی۔ دہلی کی سیاست میں عام طور پر آزاد امیدواروں کی جیت مشکل ہوتی ہے۔ ادھر منڈکا میں انل نے 1,577 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ نارائنا وارڈ میں مقابلہ انتہائی قریبی تھا جس میں اے اے پی کے راجن اروڑہ نے صرف 148 ووٹ سے جیت حاصل کی۔


سال 2022 میں 250 وارڈ کے لئے ہوئے ایم سی ڈی انتخابات میں 50.47 فیصد کے مقابلے اس ضمنی انتخابات میں ووٹ فیصد محض 38.51 رہا۔ جن سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہوئے تھے ان میں منڈکا،شالیمار باغ۔ بی، اشوک وہار، چاندنی چوک، چاندنی محل، دوارکا۔ بی، ڈھیچاؤ کلاں، نارائنا، سنگم وہار اے، دکشن پوری، گریٹر کیلاش اور ونود نگر شامل ہیں۔ کل 51 امیدوار میدان میں تھے جن میں 26 خواتین اور 25 مرد تھے۔ اس سال کے شروع میں اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی زبردست جیت کے بعد یہ ضمنی انتخاب دہلی کے سیاسی مزاج کا پہلا بڑا امتحان مانا جا رہا ہے۔

 کس پارٹی کو ملی کتنی سیٹیں ؟

بی جے پی - 7 سیٹیں

عام آدمی پارٹی۔ 3 سیٹیں

کانگریس - 1 سیٹ

آزاد - 1 سیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔