مایاوتی کا حزب اختلاف پر نشانہ! راجیہ سبھا میں ممبران کے رویہ کو بتایا شرمناک: مایاوتی

مایاوتی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ’رواں پارلیمنٹ اجلاس کے دوران ایوان میں حکومت کے طرز امور و اپوزیشن کا جو رویہ دیکھنے کو ملا ہے وہ پارلیمنٹ کے احترام، آئینی وقار و جمہوریت کو شرمسار کرنے والا ہے‘۔

بی ایس پی صدر مایاوتی
بی ایس پی صدر مایاوتی
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: زرعی بلوں پر بہوج سماج پارٹی (بی ایس پی) نے پارلیمنٹ کے موجودہ اجلاس کے دوران اپوزیشن کے ہنگامے کو ناموزوں قرار دیتے ہوئے اسے جمہوریت کے لئے شرمناک بتایا ہے۔ مایاوتی نے بدھ کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا 'ویسے تو پارلیمنٹ جمہوریت کا مندر ہی کہلاتا ہے پھر بھی اس کی عزت متعدد بار تار تار ہوئی ہے۔ رواں پارلیمنٹ اجلاس کے دوران بھی ایوان میں حکومت کے طرز امور و اپوزیشن کا جو رویہ دیکھنے کو ملا ہے وہ پارلیمنٹ کے احترام، آئینی وقار و جمہوریت کو شرمسار کرنے والا ہے۔ کافی تکلیف دہ۔

واضح رہے کہ جن بلوں پر کسان اور اپوزیشن جماعتیں سراپا احتجاج ہیں ان پر بی ایس پی اور مایاوتی کی طرف سے کوئی جارحانہ رُخ نظر نہیں آیا ہے۔ بی ایس پی کے ارکان بھی حزب اختلاف کے ساتھ نظر نہیں آتے اور کوئی حکومت مخالف بیان بھی نہیں دے رہی ہیں۔ حالانکہ انہوں نے بلوں پر اعتراض ضرور ظاہر کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا، ’’پارلیمنٹ میں کسانوں سے جڑے بل ان کے خدشات کو دور کیے بغیر منظور کر دیئے گئے۔ بی ایس پی اس سے قطعی متفق نہیں ہے؟ اس طرف مرکزی حکومت توجہ دے تو بہتر ہوگا۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ گزشتہ اتوار کو راجیہ سبھا میں زراعت سے متعلق بل پاس کرنے کے دوران اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے کافی شور شرابہ اور ہنگامہ کیا تھا۔ اپنے مطالبات ڈپٹی چئیرمین کے ذریعہ نہ مانے جانے پر ترنمول کانگریس کے ڈیرک وبرائن نے رول بک کو پھاڑ دیا تھا، وہیں عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ نے ڈپٹی چیئرمین کی کرسی کے پاس پہنچ کر حکومت مخالف نعرے بازی کی تھی۔ جس کے پاداش میں چئیر مین نے 8 اراکین کو معطل کردیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔