لکھنو میں نابالغ دلت طالبہ کی اجتماعی عصمت دری، اتر پردیش میں سیاسی بھونچال !
بنتھرا علاقے میں ایک نابالغ طالبہ اپنی بہن سے ملنے کے لئے گھر سے نکلی تھی۔ راستے میں اس کے ساتھ ایک دوست بھی تھی۔ تبھی کچھ نوجوانوں نے دوست کو مار پیٹ کر بھگا دیا اور طالبہ کو ایک ویران جگہ لے گئے۔

اتر پردیش کے بنتھرا تھانہ علاقے میں ایک دلت نا بالغ لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے واقعے نے ریاست میں خواتین کی حفاظت پر ایک بار پھر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر ایک پوسٹ میں اس واقعہ کو افسوسناک اور شرمناک قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ لکھنو پولیس نے دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔
بی ایس پی سربراہ کے ردعمل نے ریاست میں خواتین کی حفاظت کے حوالے سے یوگی حکومت اور لا اینڈ آرڈر پر سنگین سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے بھی یوگی حکومت کو ریاست میں خواتین اور دلتوں کے خلاف مظالم کے معاملے پر نشانہ بنایا ہے۔
بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے’ ایکس‘ پر لکھا کہ راجدھانی لکھنو کے بنتھرا علاقے میں نابالغ لڑکی کی اجتماعی عصمت دری انتہائی افسوسناک اور شرمناک ہے۔ اتر پردیش سمیت ملک بھر کی مختلف ریاستوں میں خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات بشمول عصمت دری اور قتل کے واقعات رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ حکومت کو اس کی روک تھام کے لیے فوری طور پر موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی عزت تو دور،خواتین کی حفاظت پہلے اور بہت ضروری ہے۔ مایاوتی کے اس بیان کے بعد یوگی حکومت کے نظم ونسق اور ریاست میں خواتین کی حفاظت کو لے کر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
بتا دیں کہ ہفتہ کی دو پہر تقریباً 12 بجے بنتھرا علاقے میں ایک نابالغ طالبہ اپنی بہن سے ملنے کے لئے گھر سے نکلی تھی۔ راستے میں اس کے ساتھ اس کی ایک دوست بھی تھی۔ تبھی کچھ نوجوانوں نے دوست کو مار پیٹ کر بھگا دیا اور طالبہ کو ایک ویران جگہ لے گئے۔
خبروں کے مطابق نشے کی حالت میں ملزم وشال گپتا، راجندر کشیپ عرف بابو، معراج، للت کشیپ اور شیو کشیپ نے مل کر اس کی اجتماعی عصمت دری کی۔ جب متاثرہ شام تقریباً 5 بجے گھر واپس آئی تو اس نے اپنے گھر والوں کو واقعہ کی اطلاع دی۔ شکایت ملنے پر پولیس نے اس معاملے میں کارروائی شروع کردی۔ پولیس نے کیس درج کرکے متاثرہ کا میڈیکل کرایا اور ہفتے کی رات ایک انکاونٹر میں دو ملزمین کو گرفتار بھی کرلیا۔ ایک ملزم للت کے پیر میں گولی لگی ہے جبکہ معراج کو دوسرے تھانہ علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس دیگر ملزم کی تلاش میں سرچ آپریشن کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔