مولانا سلمان مظاہری کا سانحہ ارتحال ہندوستانی مسلمانوں کے لئے بڑا حادثہ: مولانا ارشد مدنی

مولانا ارشد مدنی نے آج یہاں جاری ایک تعزیتی بیان میں کہا کہ موصوف کے درس، ان کی مجلسیں اور ان کی تقریروں کے چرچے تو ان کے شاگرد اور تربیت یافتہ لوگ کرتے ہی رہیں گے۔

ویڈیو گریب
ویڈیو گریب
user

یو این آئی

نئی دہلی: مدرسہ مظاہر علوم کے مولانا محمد سلمان مظاہریؒ کے انتقال پرصدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے اپنے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضرت مولانا سلمان صاحب مظاہری ؒ کی رحلت صرف مظاہر علوم ہی کے لئے نہیں بلکہ ہندوستانی مسلمانوں کے لئے اور بالخصوص مظاہر علوم اور اس کے فیض یافتہ پوری برادری کے لئے بہت بڑا حادثہ ہے۔

مولانا نے آج یہاں جاری ایک تعزیتی بیان میں کہا کہ موصوف کے درس ان کی مجلسیں اور ان کی تقریروں کے چرچے توان کے شاگرد اورتربیت یافتہ لوگ کرتے ہی رہیں گے، لیکن مجھ کو دو چیزوں کی فکر ہے ایک تویہ کہ خدا نے ان کو انتظامی صلاحیت عطا فرمائی تھی جو طبقہ علماء میں کم ہی پایا جاتا ہے۔ مولانا مرحوم نے جامعہ مظاہر علوم کے علمی وقار اور تعلیمی معیار کو اپنی خداداد صلاحیت کو کام میں لاتے ہوئے کافی حد تک سنبھالا اور بڑی سختی سے تعلیم وتربیت اور انتظامی اصول وضوابط پر کار بند رہے، حقیقت یہ ہے کہ مولانا یونس صاحب مرحوم سابق شیخ الحدیث جامعہ مظاہر علوم کی رحلت کے بعد علمی خلا کو حضرت مولانا عاقل صاحب مدظلہ نے پر کیا (اللہ ان کی عمر میں برکت فرمائے) لیکن اس وقت تدریسی صلاحیت کے ساتھ ساتھ مولانا سلمان صاحب مرحوم کی رحلت سے جو انتظامی خلا پیدا ہوگیا ہے اس کی پورتی کرنے والا کوئی آدمی مظاہر علوم میں فی الحال نظر نہیں آرہا ہے۔


مولانا مدنی نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ حضرت شیخ الحدیث مولانا زکریا صاحب نوراللہ مرقدہ کی خانقاہ جس کو ان کے جانشین مولانا طلحہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے تا حیات آباد رکھا تھا اور موصوف اپنی رحلت سے کچھ پہلے مولانا سلمان صاحب مرحوم کو اپنا جانشین بنا کر رحلت کرگئے تھے، مولانا سلمان صاحب مرحوم نے اپنی خداداد تصوف وسلوک کی صلاحیت کو کام میں لاتے ہوئے اس خانقاہی نظام کو بھی قائم رکھا تھا اور لوگوں کا رجوع بھی اچھا خاصہ ہو چلا تھا، افسوس ہے کہ مولانا کی رحلت سے یہ خانقاہ بھی سونی پڑگئی اور یہاں بھی کوئی دوسرا آدمی نظرمیں نہیں ہے جو مولانا کی کمی کو پورا کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ سب کو اپنے اپنے وقت پر جانا ہے اللہ کی ذات کے سوا کسی کو بقا نہیں ہے، دل کی گہرائیوں سے دعاہے کہ اللہ جامعہ مظاہر علوم کی بالخصوص پوری آب وتاب کے ساتھ حفاظت فرمائے اور مولانا سلمان صاحب مرحوم کا نعم البدل عطافرمائے نیز مولانا مرحوم کے پسماندگان کی نگہبانی فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت مولانا شاہد صاحب مدظلہ ناظم جامعہ تنہا رہ گئے ہیں، اللہ ان کی عمر میں برکت فرمائے اور صحت وعافیت کے ساتھ ان کی نصرت اور تائید فرمائے۔ آمین۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔