مولانا ڈاکٹر سعید الدین قاسمی کے انتقال پر مولانا محمود اسعد مدنی کا اظہارِ تعزیت
مولانا مدنی نے کہا کہ ’’ان کا انتقال صرف خاندان کے لیے نہیں بلکہ جمعیۃ علماء کے لیے بھی ایک عظیم خسارہ ہے۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے۔‘‘

مولانا ڈاکٹر سعید الدین قاسمی کی تدفین میں شریک جمیعۃ علماء ہند علماء
نئی دہلی، 22 جولائی 2025: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی و ناظم عمومی مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے سابق ناظم اعلیٰ ڈاکٹر سعید الدین قاسمی صاحبؒ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت مسنونہ پیش کی ہے۔ جمعیۃ کی طرف سے جاری کردہ تعزیتی پیغام میں کہا گیا کہ ’’مرحوم ایک علمی، دینی اور اصلاحی شخصیت کے حامل تھے۔ وہ جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے سابق جنرل سکریٹری، مجلس عاملہ جمعیۃ علماء ہند کے سابق مدعو خصوصی اور رابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند (صوبہ دہلی) کے موجودہ جنرل سکریٹری کے طور پر طویل مدت تک ملک و ملت کی بے لوث خدمت کرتے رہے۔ ان کی خدمات علمی و تنظیمی میدان میں قابل قدر تھیں۔‘‘
جمعیۃ کی جانب سے جاری کردہ تعزیتی پیغام کے مطابق مرحوم کو یہ امتیازی شرف بھی حاصل رہا کہ فدائے ملت حضرت مولانا سید اسعد مدنیؒ کی خصوصی ہدایت پر دہلی کی تہاڑ جیل میں مسلم قیدیوں کے درمیان درس قرآن اور بنیادی اسلامی تعلیمات کی تدریس کا بابرکت سلسلہ کئی برسوں تک جاری رکھا، جس سے سینکڑوں افراد نے دینی بصیرت حاصل کی۔ مولانا مدنی نے کہا کہ ان کا انتقال صرف خاندان کے لیے نہیں بلکہ جمعیۃ علماء کے لیے بھی ایک عظیم خسارہ ہے۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور پس ماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی صاحب کی قیادت میں ایک وفد نے مولانا مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور اہلِ خانہ سے تعزیت مسنونہ پیش کی۔ وفد میں سربراہ کے علاوہ مولانا ضیاء اللہ قاسمی، مولانا مفتی ذاکر حسین قاسمی ، مولانا یاسین جہازی اور دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے جنرل سکریٹری قاری عبدالسمیع شامل تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔