جموں و کشمیر: ویشنو دیوی یاترا کے راستے پر کل کے لینڈ سلائیڈ میں جان بحق افراد کی تعداد 31 تک پہنچی
جموں و کشمیر میں لینڈ سلائیڈ سے ویشنو دیوی یاترا راستے پر 31 ہلاک، 23 زخمی۔ شدید بارش سے پل اور مواصلاتی نظام تباہ، 3500 افراد محفوظ مقامات پر منتقل، آج بھی ریڈ الرٹ جاری

جموں و کشمیر میں جاری طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ کٹرہ کے قریب ویشنو دیوی یاترا راستے پر بدھ کو خوفناک لینڈ سلائیڈ کے نتیجے میں کم از کم 31 یاتری ہلاک اور 23 زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق تریکوٹا پہاڑی کے قریب ملبے کا بڑا حصہ راستے پر گرنے سے کئی لوگ دب گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، جموں و کشمیر پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیمیں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ شدید بارش اور پھسلن کے باعث امدادی کام میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ حادثے کے بعد یاترا عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جموں خطے میں منگل کو صبح ساڑھے گیارہ بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک محض چھ گھنٹے میں 22 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس نے نشیبی علاقوں میں تباہی مچا دی۔ مسلسل بارش کے باعث دریا اور نالے ابل پڑے، متعدد پل اور سڑکیں بہہ گئیں، بجلی کے کھمبے اور موبائل ٹاور شدید متاثر ہوئے۔ کئی علاقوں میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہے اور ہزاروں لوگ رابطے سے محروم ہیں۔
ضلع انتظامیہ نے اب تک 3,500 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ متاثرین کو عارضی پناہ گاہوں میں کھانا، صاف پانی اور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ جموں شہر، آر ایس پورہ، سانبہ، اکھنور، نگروٹہ، کوٹ بھلواں، بشناہ، وجے پور، پورمنڈل، کٹھوعہ اور ادھم پور سب سے زیادہ متاثرہ علاقے ہیں، جبکہ ریاسی، رام بن، ڈوڈہ، کٹرہ اور بانہال میں بھی بارش اور لینڈ سلائیڈ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بادل 12 کلومیٹر کی بلندی تک پہنچ رہے ہیں جو شدید طوفان کی نشاندہی کرتے ہیں۔ نظام شمال مشرقی سمت بڑھ رہا ہے اور آئندہ دنوں میں بھی پہاڑی اور میدانی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
ریلوے خدمات بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔ بدھ کو ناردن ریلوے نے 22 ٹرینیں منسوخ اور 27 ٹرینوں کو شارٹ ٹرمینیٹ کر دیا۔ کٹرہ اور اُدھمپور سے چلنے والی متعدد سروسز متاثر ہوئیں جن میں یاتریوں کے لیے اہم 9 ٹرینیں بھی شامل ہیں۔ چکّی ندی میں طغیانی کے باعث پٹھانکوٹ–کندروری سیکشن پر بھی ریل ٹریفک روک دیا گیا۔ البتہ کٹرہ سے سری نگر تک ریل رابطہ بحال ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج دوبارہ ریڈ الرٹ جاری کیا ہے اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور لینڈ سلائیڈ کے خدشات برقرار ہیں، اس لیے غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔