مہاشیوراتری پر پریاگ راج مہاکمبھ میں عقیدت مندوں کا ہجوم، سنگم میں مقدس اسنان جاری

مہاشیوراتری کے موقع پر پریاگ راج مہاکمبھ میں آج آخری مقدس اسنان جاری ہے۔ لاکھوں عقیدت مند سنگم میں ڈبکی لگا رہے ہیں۔ انتظامیہ نے سکیورٹی سخت کر دی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

مہاشیوراتری کے موقع پر پریاگ راج مہاکمبھ میں آج آخری مقدس اسنان جاری ہے۔ صبح سے اب تک 41 لاکھ سے زائد عقیدت مند سنگم میں ڈبکی لگا چکے ہیں، اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔ عقیدت مندوں کی بڑی تعداد ملک کے مختلف حصوں سے یہاں پہنچی ہے، جن میں بزرگ، خواتین، نوجوان اور غیر ملکی عقیدت منت بھی شامل ہیں۔

پہلی بار سنگم پہنچنے والی ایک غیر ملکی عقیدت مند نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’یہ ایک انتہائی روحانی اور منفرد تجربہ ہے۔ میں نے دنیا بھر میں کئی تہوار دیکھے ہیں، مگر ہندوستان میں عقیدت اور روحانیت کا جو ماحول ہے، وہ ناقابلِ بیان ہے۔‘‘

پریاگ راج کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) راجیش دیویدی نے بتایا کہ آج کا دن مہاکمبھ 2025 کا آخری مقدس اسنان ہے، جس میں لاکھوں عقیدت مند شریک ہو رہے ہیں۔ بڑی تعداد میں یاتری ٹرینوں، بسوں اور نجی گاڑیوں کے ذریعے یہاں پہنچ رہے ہیں۔ انتظامیہ نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں تاکہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔


گزشتہ دنوں ہونے والی بھگدڑ کے پیش نظر پولیس اور رضاکاروں کی تعیناتی بڑھا دی گئی ہے۔ سنگم اور دیگر اہم گھاٹوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جو بھیڑ کو منظم کرنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ شہر میں ٹریفک کو بہتر طریقے سے سنبھالنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، تاکہ زائرین کو آسانی سے اپنے مقامات تک پہنچنے میں مدد ملے۔

عقیدت مندوں میں زبردست جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔ مختلف مندروں میں خصوصی پوجا کا اہتمام کیا گیا ہے، جہاں بھجن اور کیرتن کی گونج سنائی دے رہی ہے۔ کئی عقیدت مندوں نے روزہ رکھا ہوا ہے اور وہ بھگوان شیو کی پوجا میں مصروف ہیں۔

انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ شام ہوتے ہی بھیڑ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے مزید اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ سنگم کنارے روشنی اور دیگر سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ عقیدت مند رات کے وقت بھی آرام دہ انداز میں اپنی رسومات ادا کر سکیں۔

عقیدت مندوں کا کہنا ہے کہ مہاشیوراتری کے موقع پر سنگم میں اسنان کرنے سے اُنہیں روحانی تسکین حاصل ہوتی ہے اور وہ اپنے گناہوں سے نجات کا احساس کرتے ہیں۔ اس مقدس تہوار کے موقع پر پریاگ راج کا ماحول پوری طرح عقیدت اور روحانیت میں ڈوبا ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔