گریٹر نوئیڈا کی کیمیکل فیکٹری میں شدید آتشزدگی، آسمان پر دھواں ہی دھواں

گریٹر نوئیڈا کے بدلا پور میں بانکے بہاری کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ آتشزدگی پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 32 گاڑیاں لگی رہیں۔ 25 گایوں کی جان بچائی گئی۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

گریٹر نوئیڈا کے دوجانہ تھانہ علاقہ کے تحت بدلا پور میں بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک کیمیکل فیکٹری میں شدید آگ لگ گئی۔ آتشزدگی اتنی خوفناک تھی کہ آسمان پر دھوئیں کا غبار چھا گیا۔ حادثے سے علاقے میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا اور آس پاس کے لوگ کافی خوفزدہ ہو گئے۔ اس دوران کیمیکل فیکٹری میں موجود ملازمین نے کسی طرح وہاں سے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔ اس حادثے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔ اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ کی لپٹیں کتنی خطرناک ہیں۔

ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح تقریباً 4 بجے بدلا پور 2 علاقہ کے تحت شری بانکے بہاری کیمیکل فیکٹری میں آگ لگ گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر مقامی پولیس اور فائر بریگیڈ کی 32 سے زیادہ گاڑیاں پہنچ گئیں۔ فائر یونٹ نے تیزی سے 5 گھنٹوں تک کام کرتے ہوئے کافی حد تک آگ پر قابو پا لیا ہے لیکن فیکٹری میں کیمیکل ہونے کی وجہ سے ابھی بھی آگ پر پوری طرح سے قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ آگ کے درمیان دھماکے کی آواز بھی سنائی دے رہی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ فیکٹری میں آتشزدگی کے دوران پاس ہی میں موجود 25 گائے آگ میں پھنس گئے تھے۔ پولیس نے جی سی بی کی مدد سے دیوار توڑ کر گایوں کو باہر نکالا۔ پولیس ٹیم کی کافی مشقت کے بعد سبھی گایوں کو بچا لیا گیا۔ فی الحال آتشزدگی میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ مقامی لوگوں کو دھوئیں کی وجہ سے سانس لینے میں کافی دقت ہو رہی ہے۔


فیکٹری میں آگ کیسے لگی یہ بات جانچ پڑتال کے بعد ہی پتہ چل سکے گی۔ فیکٹری میں کس طرح کے کیمیکل موجود تھے اس کی جانکاری ابھی سامنے نہیں آئی ہے۔ ابتدائی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شارٹ سرکٹ یا دیگر کسی وجہ سے آگ لگی ہوگی۔ پولیس حادثے کی تفصیلات یکجا کرنے میں لگ گئی ہے اور آگے کی کارروائی کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔