امروہا میں پٹاخہ فیکٹری میں شدید دھماکہ، 5 خاتون مزدوروں کی موت، درجن بھر افراد زخمی
دھماکے کے بعد فیکٹری کا ملبہ 300 میٹر دور تک پھیل گیا۔ کئی مزدور ملبے میں دب گئے۔ یہ پٹاخہ فیکٹری اتراسی گاؤں سے 2 کلومیٹر دور جنگل میں واقع ہے۔

اتر پردیش کے امروہا کے گاؤں اتراسلی کلاں میں کھیتوں کے بیچ چلائے جا رہے ایک پٹاخہ فیکٹری میں پیر کی دوپہر زوردار دھماکہ ہوا۔ اس دھماکے میں فیکٹری کے پرخچے اڑ گئے۔ حادثے میں 5 خواتین کی موت ہو گئی جبکہ درجن بھر افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکہ کے بعد موقع پر افرا تفری مچ گئی اور لوگوں کی چیخ و پکار فضا میں گونجنے لگی۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس-انتظامیہ اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے راحت اور بچاؤ کام شروع کر دیا۔ پولیس افسران معاملے کی تفتیش میں لگ گئے ہیں۔ ملبہ کے نیچے سے مزدوروں کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے کیونکہ دھماکہ کے بعد کئی لوگ ملبے میں دب گئے تھے۔
امروہا کے ایس پی امت کمار آنند کے مطابق پٹاخہ فیکٹری لائسنسی تھی۔ 0فیکٹری مالک سیف الرحمان ابن قیصر احمد ہاپڑ ضلع کا رہنے والا ہے۔ ایس پی نے بتایا کہ دھماکے میں 5 خاتون مزدوروں کی موت ہوئی ہے جبکہ درجن بھر لوگ زخمی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تفتیش جاری ہے۔ موقع پر پولیس اور انتظامی افسر موجود ہیں۔ حادثے میں زخمی خواتین کو علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق پٹاخہ فیکٹری اتراسی گاؤں سے 2 کلومیٹر دور جنگل میں واقع ہے۔ فیکٹری میں صبح تقریباً 25 خواتین اور مرد مزدور کام کر رہے تھے۔ ممکنہ طور پر اسی دوران کسی نے پٹاخہ جلا دیا۔ اس کے بعد پاس میں رکھے پٹاخے اور پٹاخہ بنانے کے لیے رکھے بارود میں آگ لگ گئی۔ مسلسل تقریباً 15 منٹ تک سلسلہ وار دھماکے ہوتے رہے۔
دھماکے کے بعد فیکٹری کا ملبہ 300 میٹر دور تک پھیل گیا۔ کئی مزدور ملبے میں دب گئے۔ چیخ و پکار سن کر دیہی لوگ جائے وقوع کی طرف دوڑے۔ لوگوں نے پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔