موہالی کے آکسیجن سلنڈر پلانٹ میں شدید دھماکہ، 2 افراد کی موت، 3 شدید زخمی
موہالی کے صنعتی علاقے فیز-9 میں واقع ایک آکسیجن پلانٹ میں آج صبح حادثہ ہوا۔ آکسیجن سلنڈر میں پریشر ضرورت سے زیادہ ہونے کی وجہ سے وہ پھٹ گیا اور زوردار دھماکہ سے علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔

پنجاب کے موہالی میں بدھ کی صبح ایک آکسیجن سلنڈر پلانٹ میں زوردار دھماکہ ہوا۔ اس حادثے میں دو مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ 3 دیگر افراد شدید طور پر زخمی ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔ موہالی کے صنعتی علاقے فیز-9 میں واقع ایک پلانٹ میں ہوئے دھماکے کی تیز آواز سے علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ ٹیم، اور ضلع انتظامیہ کے سینئر افسران موقع پر پہنچے۔ فائر بریگیڈ ٹیم نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ اس دوران انتظامیہ کے افسران نے صورتحال کا جائزہ لیا اور راحت و بچاؤ کام کی نگرانی کرتے رہے۔
ذرائع کے مطابق یہ شدید دھماکہ پلانٹ احاطے میں آکسیجن سلنڈر بھرنے کے دوران ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ آکسیجن سلنڈر میں پریشر ضرورت سے زیادہ ہو گیا جس کی وجہ سے وہ پھٹ گیا اور زوردار دھماکہ ہوا۔ یہ دھماکہ کتنا زوردار تھا اس کا اندازہ سوشل میڈیا پر جاری تصویروں سے لگایا جا سکتا ہے جس میں دیواریں تک ٹوٹی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔
دھماکے کی وجہ سے فیکٹری میں کافی نقصان ہوا ہے اور آس پاس کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ جو لوگ زخمی ہوئے ان کو فوری طور پر قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ وہیں اس حادثے میں جان گنوانے والوں کی شناخت دیویندر اور آصف کے طور پر ہوئی ہے۔
حادثہ کے بعد فیکٹری کے باہر لوگوں نے زبردست ہنگامہ کیا اور پولیس و فیکٹری انتظامیہ سے جم کر بحث ہوئی۔ کچھ مقامات پر ہاتھا پائی تک کی نوبت آ گئی۔ لوگوں کا الزام ہے کہ فیکٹری میں حفاظتی انتظام کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے اور پہلے بھی ایسے حادثوں کا اندیشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ پولیس نے ہجوم کو پُرامن کرکے حالات کو قابو میں کیا اور معاملے کی جانچ شروع کر دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔