یوپی، کرناٹک اور ممبئی میں ماسک لگانا لازمی، بوسٹر ڈوز دینے پر زور، کئی ریاستوں نے جاری کیں کورونا سے متعلق رہنما ہدایات

چین میں اومیکرون کا سب ویرینٹ بی ایف.7 تباہی مچا رہا ہے اور گزشتہ روز مرکزی حکومت سمیت کئی ریاستوں کی جانب سے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا گیا اور رہنما ہدایات پر عمل کرنے پر زور دیا گیا

ماسک کی علامتی تصویر / Getty Images
ماسک کی علامتی تصویر / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: چین میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے ہندوستان میں بھی احتیاط برتی جا رہی ہے۔ چین میں اومیکرون کا سب ویرینٹ بی ایف.7 تباہی مچا رہا ہے اور گزشتہ روز مرکزی حکومت سمیت کئی ریاستوں کی جانب سے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا گیا اور رہنما ہدایات پر عمل کرنے پر زور دیا گیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کے روز اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اس کے علاوہ کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور وزرائے صحت نے کووڈ-19 کے لیے تیاریوں اور پروٹوکول کا جائزہ لینے کے لیے میٹنگ کی۔ اس میں پرہجوم جگہوں پر ماسک پہننا لازمی قرار دینے، جینوم سیکونسنگ بڑھانے اور جلد سے جلد لوگوں کو کورونا ویکسین کی تیسری خوراک دینے پر زور دیا گیا۔


اتر پردیش، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، مدھیہ پردیش، کرناٹک، تمل ناڈو، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں اس طرح کے اجلاس منعقد کئے گئے۔ ان میں سے کئی ریاستوں میں حکام اور وزراء نے محتاط رہنے کا مشورہ دیا لیکن کہا کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے۔ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خدشات کے درمیان ایک بار پھر ماسک کی واپسی شروع ہو گئی ہے۔

کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر دہلی ایمس نے ایڈوائزری جاری کی ہے، جس کے مطابق اب ایمس کے عملے کو اسپتال کے احاطے میں کووڈ کے اصولوں کی پیروی کرنی ہوگی۔ کیمپس میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایمس کیمپس میں پانچ سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ کووڈ ٹیسٹنگ اور جینوم سیکونسنگ کو تیز کریں۔ انہوں نے حکام سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ لوگ بھیڑ والی جگہوں پر ماسک پہنیں۔


یوپی کے نائب وزیر اعلی اور وزیر صحت برجیش پاٹھک نے کہا، ’’طبی تعلیم اور محکمہ صحت کے حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ ہوائی اڈوں پر نگرانی میں اضافہ کریں اور مسافروں کو سردی اور فلو جیسی علامات والے افراد کی شناخت کریں۔‘‘ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے ذریعہ آگرہ میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے حوالے سے بتایا گیا کہ لوگوں کو بغیر جانچ کے تاج محل دیکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

کورونا کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر کرناٹک کے وزیر صحت کے سدھاکر نے کہا، ’’انڈور علاقوں میں بند جگہوں اور ایئر کنڈیشن والے علاقوں میں ماسک لگانا ایک بار پھر لازمی قرار دیا گیا ہے۔ وزیر نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد کہا کہ بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر آنے والے مسافروں کی بے ترتیب چیکنگ اور اسکریننگ بھی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ممبئی کے ممبا دیوی مندر کی انتظامیہ نے عقیدت مندوں سے مندر میں درشن کے دوران ماسک پہننے کے حکم پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔‘‘


قبل ازیں، بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کو ریاستی انتظامیہ کو نگرانی بڑھانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے صحت کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ جنوری 2023 میں گنگا ساگر میلے سے پہلے کورونا انفیکشن سے متعلق تمام پہلوؤں پر خصوصی نظر رکھیں۔ وہیں، کیرالہ میں وزیر صحت وینا جارج نے کہا کہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

کورونا کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے جمعرات کو ایک مشاورتی میٹنگ کی قیادت کی اور حکام کو ہدایت دی کہ تمام مثبت نمونوں کی جینوم سیکونسنگ کی جائے۔ ریاست نے مرکزی حکومت سے یہ بھی کہا کہ وہ چین اور ہانگ کانگ سے آنے والے بین الاقوامی مسافروں کی لازمی جانچ کے لیے رہنما خطوط جاری کرے۔ جھارکھنڈ میں کورونا کا کوئی ایکٹیو کیس درج نہیں ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ پریشان ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہے لیکن انتظامیہ چوکس رہنے کے لیے مرکز کی تجاویز پر توجہ دے رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔