’میں مرنے کے بعد بھی نہیں ہٹوں گا‘، مراٹھا تحریک کے رہنما منوج جرانگے پاٹل کا آزاد میدان میں ڈٹے رہنے کا اعلان
مراٹھا ریزرویشن کے لیے ممبئی کے آزاد میدان پر بھوک ہڑتال کر رہے منوج جرانگے نے اعلان کیا ہے کہ وہ کسی قیمت پر نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے اپنے حامیوں سے امن کی اپیل کی

ممبئی: مراٹھا ریزرویشن کی تحریک کے رہنما منوج جرانگے پاٹل نے منگل کو اعلان کیا کہ وہ آزاد میدان سے کسی بھی قیمت پر نہیں ہٹیں گے، چاہے جان بھی چلی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تحریک پچھلے دو برس سے پرامن اور جمہوری انداز میں جاری ہے لیکن مہاراشٹر کی حکومت مسلسل غریبوں کی پریشانیوں کو نظرانداز کر رہی ہے۔
جرانگے پاٹل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’ہم نے عدالت اور انتظامیہ کے تمام اصولوں کا احترام کیا، تمام گاڑیاں ہٹا دیں لیکن اس کے باوجود حکومت ہمارے خلاف جا رہی ہے۔ اگر غریبوں کو بھلا دیا جائے گا تو ان کے درد کو بھی نظرانداز کیا جائے گا۔ ہمیں عدلیہ پر بھروسہ ہے اور ہم انصاف کی امید رکھتے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 58 لاکھ لوگوں کا رجسٹریشن ہو چکا ہے لیکن ’کُنبی‘ سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا گیا۔ جرانگے پاٹل کا صاف کہنا ہے کہ جب تک یہ سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہوتے، وہ ممبئی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے اپنے حامیوں کو ہدایت دی کہ ’’اگر باہر لاٹھی چارج ہوتا ہے تو بھی آپ لوگ پرامن رہیں۔ یہ لڑائی پرامن انداز میں ہی لڑنی ہے۔ میں مرنے کے بعد بھی ممبئی نہیں چھوڑوں گا۔‘‘
مراٹھا لیڈر نے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس پر بھی سخت الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عدالت میں جھوٹے ثبوت پیش کیے ہیں اور اگر ایسا ہے تو اس کے نتائج انہیں بھی بھگتنے ہوں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ پہلے دن سے ہی حکومت کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار تھے لیکن جب تک مسئلے کا حل نہیں نکلے گا، وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
خیال رہے کہ ممبئی پولیس نے جرانگے پاٹل کو نوٹس جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ تحریک کے دوران کچھ شرائط کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عدالت کے عبوری حکم کے مطابق احتجاج کی اجازت دی گئی تھی لیکن اس پر مکمل عمل نہیں کیا گیا۔
اس نوٹس کے بعد جرانگے سے ان کی لیگل ٹیم نے ملاقات کی۔ وکیل آشیش گائیکواڑ نے میڈیا کو بتایا کہ ’’ہم عدالت میں یہ ثابت کریں گے کہ واقعی شرائط کی خلاف ورزی ہوئی ہے یا نہیں۔ ہماری ٹیم جرانگے پاٹل کا موقف رکھنے آئی ہے، جو ابھی تک عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ تحریک کے مقام اور سڑکیں 95 فیصد تک خالی ہیں، اس لیے حکومت کا رویہ غیر ضروری طور پر سخت ہے۔
خیال رہے کہ منوج جرانگے پاٹل پچھلے جمعہ سے آزاد میدان میں غیر معینہ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں۔ ان کے ساتھ ہزاروں کی تعداد میں حامی موجود ہیں۔ پیر کو انہوں نے احتجاج تیز کرنے کے لیے پانی پینا بھی چھوڑ دیا تھا، تاہم شام کو عدالت کی ہدایت کے بعد انہوں نے چند گھونٹ پانی پیا۔ عدالت نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ اگر جرانگے پاٹل کی صحت بگڑتی ہے تو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔
وزیر اعلیٰ مہاراشٹر فڑنویس نے کہا کہ عدالت کے احکامات پر عمل کیا جائے گا اور حکومت قانونی راستہ نکالنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ مراٹھا کوٹہ تنازع کا کوئی پائیدار حل سامنے آ سکے لیکن فی الحال، جرانگے پاٹل کے مؤقف میں کوئی نرمی نظر نہیں آ رہی اور وہ آزاد میدان چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔