شدید بارش کے سبب کئی ٹرینیں منسوخ، سفر شروع کرنے سے قبل چیک کر لیں ٹرین کا اسٹیٹس!
شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی ٹرینیں طویل عرصے تک کے لیے منسوخ کر دی گئی ہیں، جس کی وجہ سے مسافروں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ملک کے کئی حصوں میں ان دنوں شدید بارش ہو رہی ہے۔ کئی ریاستوں میں حالات سیلاب جیسے ہو گئے ہیں، جس کا براہ راست اثر عام لوگوں کی زندگی پر پڑ رہا ہے۔ سڑکوں پر پانی بھرنے سے ایک طرف جہاں لوگوں کی آمد و رفت مشکل ہو گئی ہے، وہیں دوسری جانب ریل اور ہوائی خدمات پر بھی اس کا اثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا ان مسافروں کو کرنا پڑ رہا ہے، جنہوں نے پہلے سے ہی سفر کی تیاری کر رکھی ہے۔ بارش کے سبب سفر پر نکلے لوگوں کو اپنی منزلوں تک پہنچنے میں بھی کافی تاخیر ہو رہی ہے۔ اس لیے اگر آپ بھی کہیں سفر پر نکلنے والے ہیں تو پہلے چیک کر لیں کہ کہیں آپ کے روٹ کی ٹرینیں بھی تو منسوخ نہیں ہو گئیں ہیں؟
شدید بارش کے سبب جموں و کشمیر اور پنجاب کے مسافروں کی مشکلیں کافی زیادہ بڑھ گئی ہیں۔ دہلی سے جموں کے درمیان چلنے والی کئی ضروری ٹرینیں مسلسل منسوخ کی جا رہی ہیں۔ شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا وندے بھارت ایکسپریس، شری شکتی ایکسپریس اور جموں راجدھانی جیسی بڑی ٹرینیں پورے ستمبر ماہ نہیں چلیں گی۔ افسران کے مطابق کٹھوعہ اور مادھوپور کے درمیان ٹریک کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ اس کی مرمت کا کام جاری ہے، اسی وجہ سے اس روٹ کی کُل 69 ٹرینوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ ان میں سے کچھ ٹرینیں پورے ماہ کے لیے منسوخ رہیں گی، جبکہ کئی ٹرینوں کو کچھ دنوں کے لیے ہی روکا گیا ہے۔ نئی دہلی-کٹرا وندے بھارت ایکسپریس بھی 2 سے 6 ستمبر تک نہیں چلے گی۔
شدید بارش کا سب سے زیادہ اثر جموں و کشمیر کی جانب جانے والے مسافروں پر پڑا ہے۔ شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی ٹرینیں طویل عرصے تک کے لیے منسوخ کر دی گئی ہیں، جس کی وجہ سے مسافروں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شمالی ریلوے نے صاف لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ خراب موسم اور ٹریک کی حالت کے سبب فی الحال کئی ٹرینیں نہیں چلائی جا سکتیں۔
دوسری جانب مسلسل بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دہلی-انبالہ ٹریک پر بھی کئی ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہیں۔ تقریباً 12 ایکسپریس ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہیں، جن میں سے 10 مکمل طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ 2 کی روٹ بدلی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کئی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر سے پہنچ رہی ہیں، جس کی وجہ سے مسافروں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔