راجدھانی دہلی سمیت کئی ریاستیں سرد لہر کی لپیٹ میں، 3 فروری سے بارش اور برفباری کی پیش گوئی

سردی کے دوران الاؤ سے خود کو گرم رکھنے کی کوشش / یو این آئی
سردی کے دوران الاؤ سے خود کو گرم رکھنے کی کوشش / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی سمیت کئی ریاستیں دھند، بارش اور سرد لہر کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق شمالی ہندوستان کی ریاستوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران سرد لہر کا زور جاری رہے گا۔ آئی ایم ڈی نے کئی علاقوں میں بھاری بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ وہیں، مغربی ہمالیائی علاقہ میں 2 سے 4 فروری تک بارش اور بھاری برفباری ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

دہلی کی بات کریں تو محکمہ موسمیات کا خیال ہے کہ اس پورے ہفتے راجدھانی میں بارش نہیں ہوگی لیکن ہوا کی وجہ سے سردی بڑھنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا کہ پورے ہفتے موسم صاف رہنے کی وجہ سے صبح اور شام میں مزید سردی پڑنے کا امکان ہے۔ تاہم 3 فروری کو دہلی میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا کہ آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور بہت ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔ فروری کے شروع میں زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 20 اور 10 ڈگری سیلسیس رہ سکتا ہے۔


ادھر، اتر پردیش دھند اور سردی کی لپیٹ میں نظر آ رہا ہے کیونکہ پہاڑوں پر برف باری کا اثر پورے شمالی ہندوستان میں دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم آج رارجدھانی لکھنؤ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 20 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ اتر پردیش کے کئی اضلاع میں لوگوں کو دھوپ سے لطف اندوز ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

بہار کی بات کریں تو ریاست میں 8 سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پچھوا ہوا چل رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شمالی پچھوا ہوا بھی چل رہی ہے۔ ایسے میں پٹنہ محکمہ موسمیات نے ریاست میں یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ پٹنہ سمیت بہار کے 18 اضلاع میں شدید سردی کی توقع ہے۔ ریاست میں اگلے تین دنوں تک سردی کی لہر جیسی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ریاست میں کم سے کم درجہ حرارت دو سے تین دن تک معمول سے 10 ڈگری نیچے رہنے کا امکان ہے۔


ادھر، کشمیر میں ایک بار پھر بگڑتے موسم کی وجہ سے سردی سے مہلت ملنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ریاست میں بادل بننا شروع ہو گئے ہیں اور محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے کچھ دنوں تک موسم ایسا ہی رہے گا۔ 31 جنوری سے ریاست کے کئی حصوں میں بارش اور برف باری ہوگی۔ آج سری نگر، کشمیر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 9 اور کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ مطلع ابر آلود رہے گا۔ گلمرگ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت منفی 6 اور کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی پہلگام میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 3 اور کم سے کم درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سیلسیس رہنے کی توقع ہے۔ اس کے ساتھ ہی 31 جنوری سے بارش اور برف باری ہو سکتی ہے۔

راجستھان میں مزید کچھ دنوں تک سردی کی لہر برقرار رہے گی۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 2 سے 3 دنوں کے دوران شمالی راجستھان میں سردی کی لہر جیسی صورتحال رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ تاہم جے پور، جودھ پور اور ادے پور جیسے شہروں میں درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ نظر آ رہا ہے۔ دوسری طرف سیکر، جھنجھنو، الور، بھرت پور سمیت کئی شہروں میں درجہ حرارت میں کمی آئی ہے، جس کی وجہ سے سردی کی لہر متوقع ہے۔


پنجاب کی بات کریں تو ریاست اس وقت شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے موسم سرما کا زور جاری رہے گا۔ یہی نہیں آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران پنجاب میں سردی کی لہر کا امکان ہے اور دھند چھائی رہے گی۔ آج پنجاب میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 اور کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔