پی ایم مودی اور کانگریس صدر کھڑگے سمیت کئی سرکردہ لیڈران نے سابق پی ایم منموہن سنگھ کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا
کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ہم ہندوستان کی قومی تعمیر میں سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی غیر معمولی خدمات کو گہری عقیدت کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سمیت کئی سرکردہ لیڈران نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ہمارے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت۔ انہوں نے کئی سال عوامی زندگی میں گزارے اور لگن کے ساتھ ملک کی خدمت کی۔‘‘
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ عوامی زندگی اور ہندوستان کی ترقی میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘ کانگریس کے قومی صدر اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’’ہم ہندوستان کی قومی تعمیر میں سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی غیر معمولی خدمات کو گہری عقیدت کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔ ایک دور اندیش سیاست داں کی حیثیت سے ان کی تاریخی اقتصادی اصلاحات نے ہندوستان کی ترقی کی سمت کو تبدیل کیا، نئے مواقع پیدا کیے اور لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکالنے میں مدد کی۔‘‘
کانگریس صدر مزید لکھتے ہیں کہ ’’ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی انکساری، دیانت داری اور دانش مندی ان کی عوامی زندگی کی پہچان رہی۔ انہوں نے خاموش وقار اور ہمدردی کے ساتھ قیادت کی اور جامع ترقی اور سب سے زیادہ کمزور طبقات کی فلاح کو حکمرانی کا مرکز بنایا۔ ان کی حکومت کا حقوق پر مبنی نظام اس وِزن کی دیر پا مثال ہے۔‘‘ ملکارجن کھڑگے نے یہ بھی لکھا کہ ’’ان کے یوم پیدائش پر ہم ایسے سیاست داں کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جن کی دیانت دار عوامی خدمت، جامع ترقی اور دور رس اصلاحات کی وراثت آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔‘‘
ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ ملک کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کے یوم پیدائش پر انہیں عقیدت کے ساتھ سلام اور خراج عقیدت۔ دور اندیشی اور اقتصادی سمجھ بوجھ کے ذریعے انہوں نے ہندوستان کی معیشت کو نئی رفتار دی اور ترقی کو وسیع تر عوامی مفاد سے جوڑا۔ غریب، دلت، محروم اور کمزور طبقات کی زندگی میں مواقع بڑھانا ان کے اقتصادی نقطہ نظر کا اہم حصہ رہا۔ ملک کے تئیں ان کی لگن آنے والی نسلوں کے لیے تحریک کا ذریعہ بنی رہے گی۔‘‘
راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ہندوستان کے سابق وزیر اعظم آنجہانی ڈاکٹر منموہن سنگھ کے یوم پیدائش پر انہیں عقیدت کے ساتھ سلام۔ ملک کو اقتصادی طاقت بنانے میں ان کی بے مثال خدمات کے لیے انہیں ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ ان کی علمی قابلیت، شائستگی اور سادگی سب کے لیے باعث تحریک ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کا نام ہندوستانی تاریخ میں ایک ایسے ماہر اقتصادیات کے طور پر ہمیشہ یاد کیا جائے گا، جنہوں نے ملک کی اقتصادی ترقی کی مضبوط بنیاد رکھی۔ 1991 میں وزیر خزانہ کی حیثیت سے ڈاکٹر منموہن سنگھ کی جانب سے شروع کی گئی اقتصادی اصلاحات نے ہندوستانی معیشت میں اہم تبدیلیوں کی راہ ہموار کی۔ 2004 سے 2014 تک وزیر اعظم کی حیثیت سے اپنی مدت کار میں ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ہندوستان کے عوام کے حقوق اور مواقع کو بڑھانے کے لیے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی اسکیم (منریگا)، حق اطلاعات قانون اور حق تعلیم قانون جیسے اہم قوانین اور پروگرام نافذ کیے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
