دہلی کے آر کے پورم علاقہ میں زہریلی گیس کے پھیلاؤ سے افرا تفری، کئی افراد اسپتال میں داخل

دہلی پولیس نے بتایا کہ آنکھوں میں جلن کی شکایت کے بعد پانچ لوگوں کو اسپتال میں لے جایا گیا، اطلاع موصول ہونے پر ضلع مجسٹریٹ بھی موقع پر پہنچ گئیں، پولیس کے مطابق فی الحال حالات قابو میں ہیں

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

دہلی: قومی راجدھانی دہلی کے آر کے پورم کے ایکتا وہار میں زہریلی گیس پھیلنے سے لوگوں کی آنکھوں میں اچانک جلن محسوس ہونے لگی جس سے لوگوں میں دہشت پھیل گئی۔ اطلاع موصول ہونے پر فوری طور پر پولیس نے پانچ لوگوں کو اسپتال پہنچایا۔ ضلع مجسٹریٹ نے بھی موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ دو ایمبولینسز بھی موقع پر روانہ کی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق حالات فی الحال قابو میں ہیں۔

’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق زہریلی گیس کے اخراج کا یہ واقعہ بدھ کی شب تقریباً 9 بجے پیش آیا۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ ایکتا وہار کے پاس سی آر پی ایف کیمپ یا این ایس جی کیمپ سے زہریلی گیس خارج کی گئی تھی، جس کے بعد علاقہ میں افرا تفری پھیل گئی۔ لوگوں نے آنکھوں میں جلن اور سانس لینے میں دقت کی شکایت کی۔ یہاں تک کہ کئی لوگ بےہوش بھی ہو گئے۔


گیس سے متاثر ہو رہے لوگ سڑکوں کی جانب دوڑ پڑے۔ کوئی سمجھ نہیں پا رہا تھا کہ آخر کیا ہو رہا ہے؟ اطلاع موصول ہونے پر پولیس موقع پر پہنچی اور سی آر پی ایف اور این ایس جی کیمپ میں جانچ کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جانچ کے بعد ہی اس معاملہ پر کوئی معلومات فراہم کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔