کھڑگے اور راہل سمیت کئی اپوزیشن لیڈران نے چھٹھ پوجا کی مبارکباد پیش کی، خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار
چھٹھ تہوار عقیدت اور جوش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر کانگریس صدر کھڑگے، حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے عوام کو نیک خواہشات پیش کی۔
سورج کی پوجا اور عوامی عقیدت کا عظیم تہوار ’چھٹھ پوجا‘ عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سمیت کئی رہنماؤں نے تمام ورَت رکھنے والوں اور شہریوں کو مبارکباد پیش کی۔
کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے چھٹھ پوجا کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ’ایکس‘ پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’فطرت کی اہمیت اور عقیدت کو وقف، ایمان، لگن، عقیدہ، نئے جنم اور توانائی کے اقدار پر زور دینے والے اور قوت کے سرچشمہ سوریہ دیو کی عبادت کے اس عظیم تہوار چھٹھ کے موقع پر سب کو دلی مبارکباد۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’ہماری عظیم تہذیب غروب ہوتے اور طلوع ہوتے سورج، دونوں کو یکساں عقیدت و احترام کے ساتھ سلام کرتی ہے۔ میری یہی دعا ہے کہ یہ موقع سب کی زندگی میں نئی توانائی، جوش اور بے پناہ خوشی پیدا کرے۔‘‘
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر عوام کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’سورج کی پوجا کے عظیم تہوار چھٹھ پوجا کی آپ سب کو دلی مبارکباد۔ یہ مقدس تہوار آپ کی زندگی کو خوشحالی اور نیک بختی سے منور کرے۔‘‘
کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے چھٹھ پوجا کی مبارکباد بھوجپوری انداز میں دی ہے۔ انھوں نے ’ایکس‘ پر لکھا ہے:
دُکھوا مٹائیں چھٹھی مئیا، رُوئے اسرا ہمار
سب کے پُراویلی منسا، ہمرو سُن لیں پُکار
اس پوسٹ میں وہ آگے لکھتے ہیں ’’سورج دیو اور چھٹھی مائی کی عبادت، فطرت کی پوجا اور عوامی عقیدت کے عظیم تہوار چھٹھ پوجا کی دلی مبارکباد۔ چھٹھی مائی سب کی زندگی میں خوشی، سکون اور خوشحالی پیدا کریں۔‘‘
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی عوام کو چھٹھ کی مبارکباد پیش کی ہے۔ انھوں نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ’’سبھی کو چھٹھ پوجا کی دلی مبارکباد۔ چھٹھی مائی سب کو طمانیت، خوشحالی اور صحت عطا کریں۔‘‘ اس دوران انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک بھجن بھی شیئر کیا۔
راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی یادو نے چھٹھ کا ورَت رکھنے والے تمام عقیدت مندوں کو سلام اپنا سلام پیش کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’بغیر پانی کے روزہ رکھ کر سب کی خوشحالی کی دعا کرنے والی تمام چھٹھ ورَتی خواتین کو سلام۔ تمام ہم وطنوں کو چھٹھ مہاپرو کا تہنیتی پیغام۔ چھٹھ مہاپرو اتحاد، صفائی اور پاکیزگی کی علامت ہے۔ چھٹھی مائی سب کی زندگی میں خوشحالی لائیں اور ہر ماں کے بیٹے کو پکی سرکاری نوکری دلائیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔