’اگر ہر غریب کا بچہ پڑھ گیا تو ہل جائے گا چوتھی پاس راجہ کا راج محل‘، سسودیا نے جیل سے لکھی چٹھی

اروند کیجریوال نے جیل میں بند منیش سسودیا کے ذریعہ لکھا گیا ایک خط ٹوئٹ کیا ہے، اس میں سسودیا نے مرکزی حکومت کو مفاد عامہ والے منصوبوں پر عمل کرنے کا چیلنج پیش کیا ہے۔

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا
دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی آبکاری گھوٹالہ معاملے میں تہاڑ جیل میں بند دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کا ایک خط سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال نے بھی اس خط کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔ اس خط کا عنوان ہے ’جیل سے منیش سسودیا کی چٹھی ملک کے نام‘۔ اس کے ذریعہ بغیر نام لیے منیش سسودیا نے مرکز کی مودی حکومت پر حملہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کیجریوال نے اس خط کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’جیل سے منیش جی کا خط۔‘‘ اس خط میں لکھا گیا ہے کہ ’’اگر ہر غریب کو ملی کتاب، تو نفرت کی آندھی کون پھیلائے گا۔ سب کے ہاتھوں کو مل گیا کام، تو سڑکوں پر تلوار کون لہرائے گا۔ اگر پڑھ گیا ہر غریب کا بچہ، تو چوتھی پاس راجہ کا راج محل ہل جائے گا۔ اگر ہر کسی کو مل گئی اچھی تعلیم اور سمجھ، تو ان کی واٹس ایپ یونیورسٹی بند ہو جائے گی۔ پڑھے لکھے اور سمجھداری کی بنیاد پر کھڑے سماج کو کوئی کیسے قومی نفرت کے مایہ جال میں پھنسائے گا۔ اگر پڑھ گیا ایک ایک غریب کا بچہ تو چوتھی پاس راجہ کا راج محل ہل جائے گا۔‘‘


اس خط میں سسودیا نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’اگر پڑھ گیا سماج کا ہر بچہ، تو تمھاری چالاکیوں اور منفی پالیسیوں پہ سوال اٹھائے گا۔ اگر غریب کو ملی قلم کی طاقت تو وہ اپنے ’من کی بات‘ سنائے گا۔ اگر پڑھ گیا ایک ایک غریب کا بچہ، تو چوتھی پاس راجہ کا راج محل ہل جائے گا۔ دہلی اور پنجاب کے اسکولوں میں ہو رہا شنکھ ناد پورے ہندوستان میں اچھی تعلیم کی روشنی جلائے گا۔ جیل بھیجو یا پھانسی دے دو، یہ کارواں رک نہیں پائے گا۔ اگر پڑھ گیا ہر غریب کا بچہ، راج محل تمھارا ہل جائے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔