منیش سسودیا نے آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما پر لگایا سنگین الزام

منیش سسودیا نے ہفتہ کے روز آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما پر بدعنوانی کا ایک نیا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے کووڈ ایمرجنسی کے دوران اپنے کنبہ کو پی پی ای کِٹ کا ٹھیکہ دیا تھا۔

منیش سسودیا، تصویر یو این آئی
منیش سسودیا، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے ہفتہ کے روز آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما پر بدعنوانی کا ایک نیا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے کووڈ ایمرجنسی کے دوران اپنے کنبہ کو پی پی ای کِٹ کا ٹھیکہ دیا تھا۔ ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے سسودیا نے کہا کہ اس وقت کے وزیر صحت ہیمنت بسوا سرما نے 2020 میں بازار شرح سے اوپر پی پی ای کِٹ کی فراہمی کرنے کے لیے اپنی بیوی اور بیٹے کے کاروباری شراکت داروں کی فرموں کو ٹھیکہ دیا تھا۔

ایک میڈیا رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آسام حکومت نے دیگر کمپنیوں سے 600 روپے میں پی پی ای کِٹ کی خریداری کی، سرما نے اپنی بیوی اور بیٹے کے بزنس پارٹنر کی فرموں کو 990 روپے میں اسے فراہمی کے لیے فوری حکم جاری کیا تھا۔ سسودیا کا کہنا ہے کہ ’’حالانکہ سرما کی بیوی کی فرم کو دیا گیا کانٹریکٹ رد کر دیا گیا، کیونکہ کمپنی پی پی ای کِٹ کی فراہمی نہیں کر سکتی تھی۔ ایک دیگر فراہمی حکم ان کے بیٹے کے کاروباری شراکت دار سے متعلق فرم کو 1680 روپے فی کِٹ کی شرح سے دیا گیا تھا۔‘‘


اس تعلق سے رد عمل ظاہر کرنے کے لیے آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے ٹوئٹر کا سہارا لیا ہے۔ انھوں نے منیش سسودیا کے سبھی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ ’’ایسے وقت میں جب پورا ملک 100 سے زائد سالوں میں سب سے خراب وبا کا سامنا کر رہا تھا، آسام کے پاس شاید ہی کوئی پی پی ای کِٹ تھی۔ میری بیوی نے آگے آنے اور زندگی بچانے کے لیے حکومت کو تقریباً 1500 کِٹ مفت میں دینے کی ہمت کی۔ اس نے ایک پیسہ بھی نہیں لیا۔‘‘ ہیمنت بسوا سرما نے اپنے ایک دیگر ٹوئٹ میں کہا کہ ’’تبلیغ کرنا بند کرو، اور میں جلد ہی آپ کو گواہاٹی میں دیکھوں گا، کیونکہ آپ مجرمانہ ہتک عزتی کا سامنا کریں گے۔‘‘

بہرحال، ستیندر جین کی گرفتاری کے تعلق سے بات کرتے ہوئے سسودیا نے ای ڈی کے عدالت میں دیے گئے بیان کا تذکرہ کیا، جہاں انھوں نے کہا کہ گرفتار وزیر معاملے میں ملزم نہیں ہے، لیکن معاملے میں اس سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عآپ لیڈروں کے خلاف بی جے پی کے سبھی الزامات جھوٹے ثابت ہوتے ہیں کیونکہ وہ ہمیشہ فرضی دعوے کرتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔