کورونا پازیٹو ستیندر جین کی وزارتوں کی اضافی ذمہ داری منیش سسودیا کے سپرد

ستیندر جین اس وقت اسپتال میں اپنا علاج کرا رہے ہیں۔ ان کے بیمار ہونے کی وجہ سے وزارت صحت سمیت ان کے ماتحت دیگر وزارتوں کا چارج نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو سونپا گیا ہے۔

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا (دائیں) اور وزیر صحت ستیندر جین (بائیں)
دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا (دائیں) اور وزیر صحت ستیندر جین (بائیں)
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے پیش نظر ان کے ماتحت وزارتوں کا کام فی الحال نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کو سونپا گیا ہے۔ ستیندر جین کو تیز بخار اور سانس لینے میں تکلیف کی شکایت پر پیر کی رات راجیو گاندھی سپر اسپیشلائٹی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں بدھ کے روز ان کی جانچ میں کورونا انفیکشن کی تصدیق ہوگئی۔ اس سے قبل منگل کے روز ستیندر جین کا کوروناٹیسٹ منفی آیا تھا۔

ستیندر جین اسپتال میں ہی ہیں۔ ان کے بیمار ہونے کی وجہ سے وزارت صحت سمیت ان کے ماتحت دیگر وزارتوں کا چارج منیش سسودیا کو سونپا گیا ہے۔ وہ ان وزارتوں کی اضافی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کے سب سے بھروسہ مند منیش سیسودیا کے پاس وزارت خزانہ اور تعلیم جیسے دیگر اہم محکموں کی ذمہ داری پہلے ہی سے ہے ۔ ستیندر جین کے پاس وزارت صحت کے علاوہ واٹر اور پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کا چارج بھی ہے۔

وزیر صحت دہلی میں کورونا سے بگڑتی صورتحال پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی طرف سے بلائی جانے والی ایک اعلی سطحی میٹنگ میں شامل ہوئے تھے۔ اس میٹنگ میں مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن ، لیفٹیننٹ گورنر انیل بیجل، اروند کیجریوال، نائب وزیر اعلی منیش سسودیا ، آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے ڈائریکٹر رندیپ گلیریا اور مرکز اور دہلی کے کئی سینئر افسران بھی موجود تھے۔

Published: 18 Jun 2020, 2:11 PM
next